1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہآذربائیجان

آذربائیجان کا مسافر طیارہ کریش، 42 ہلاکتوں کا خدشہ

25 دسمبر 2024

آذربائیجان کے ایک مسافر طیارے کے کریش ہونے کے سبب کم از کم 42 افراد کے ہلاک ہو جانے کا خدشہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس طیارے پر عملے کے پانچ ارکان کے علاوہ 105 مسافر سوار تھے۔

https://p.dw.com/p/4oZDZ
حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ
یہ طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روسی جمہوریہ چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی جا رہا تھا۔تصویر: Isa Tazhenbayev/TASS/dpa/picture alliance

آذربائیجان ایئرلائنز کے مطابق ایمبریئر 190 طرز کے طیارے نے قزاقستان کے شہر اکتاؤ کے ایئر پورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ قزاقستانی حکام کے مطابق کریش ہونے والے طیارے میں لگی آگ بجھانے اور ریسکیو کے لیے امدادی کارکن موقع پر موجود ہیں۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اب تک اس طیارے سے چار ہلاک شدگان کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

نیپال میں فضائی حادثہ، درجنوں افراد ہلاک

لتھوانیا: مال بردار طیارہ ولنیئس ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روسی جمہوریہ چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی جا رہا تھا۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے قزاقستان کے میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس طیارے پر 105 مسافر اور عملے کے پانچ ارکان سوار تھے۔ تاہم دیگر اطلاعات کے مطابق اس طیارے پر سوار مسافروں کی تعداد 67 تھی۔

قزاقستان کے محکمہ سول ڈیفنس کے مطابق کم از کم 30 افراد اس کریش میں محفوظ رہے، جن میں 22 کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے قزاقستان کے میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس طیارے پر 105 مسافر اور عملے کے پانچ ارکان سوار تھے۔تصویر: Azamat Sarsenbayev/REUTERS

سوشل میڈیا پر جاری کردہ کئی ویڈیوز میں بحیرہ کیسپیئن کے ساحلی شہر اکتاؤ کے ایئر پورٹ پر کریش ہونے والے اس طیارے سے دھوئیں کے کالے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جا سکتے تھے۔

کچھ غیر مصدقہ ویڈیوز سے اندازہ ہوتا ہے کہ طیارے نے جب لینڈنگ کی، تو اس میں سے آگ کے شعلے نکل رہے تھے جس کے بعد اس میں سے دھوئیں گے گہرے بادل اٹھنے لگے۔

اطلاعات کے مطابق اس واقعے کے بعد گروزنی کے ایئر پورٹ کو فی الحال بند کر دیا گیا ہے اور وہاں جانے والی مسافر پرازوں کو قریبی ہوائی اڈوں کی طرف موڑا جا رہا ہے۔

طیارہ حادثے کا ذمہ دار روس یا یوکرین؟

ا ب ا/ م م (ڈی پی اے، روئٹرز، اے پی)