آخر کار ’سِیٹا‘ پر دستخط کر دیے گئے
30 اکتوبر 2016خبر رساں ادارے اے ایف پی نے یورپی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ تیس اکتوبر بروز اتوار برسلز میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور یورپی رہنماؤں نے دو طرفہ آزاد تجارتی معاہدے ’سِیٹا‘ پر دستخط کر دیے۔ ٹروڈو خصوصی طور پر اس ڈیل کو حتمی شکل دینے کی خاطر مختصر نوٹس پر برسلز پہنچے تھے۔
’سیٹا‘ معاہدے کے راستے کی رکاوٹ دور ہو گئی
سیٹا ڈیل کی ناکامی‘ اقتصادی عالمگیریت پر کاری ضرب ہے
تجارتی معاہدہ: امریکا نے یورپی یونین پر دباؤ ڈالا تھا، گرین پیس تنظیم
برسلز پہنچنے کے بعد انہوں نے یورپی لیڈروں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ دستخطوں کی تقریب گزشتہ جمعرات ستائیس اکتوبر کو ہونا تھی لیکن بیلجیم کے علاقے والونیا نے آخری وقت پر اعتراضات کھڑے کر دیے تھے، جس کے نتیجے میں اس حوالے سے تاخیر ہو گئی تھی۔
جمعے کے دن اٹھائیس رکنی یورپی یونین میں اتفاق کے بعد اس ڈیل کو منظور کر لیا گیا تھا۔ سیٹا نامی جامع اقتصادی اور تجارتی ڈیل کی منظوری کے لیے تمام یورپی ممالک کی طرف سے اس کو منظور کرنا لازمی تھا۔ ماہرین کے مطابق اس ڈیل کے نفاذ سے کینیڈا ور یورپی یونین کے مابین تجارت میں بہتری آئے گی اور تجارت کے حجم میں سالانہ بارہ بلین امریکی ڈالر اضافہ ممکن ہو سکے گا۔
اس ڈیل پر دستخطوں کی تقریب کے بعد جسٹن ٹروڈو نے کہا، ’’کینیڈین اور یورپی یہ سمجھتے ہیں کہ بہتر اور پائیدار اقتصادی ترقی کی خاطر ہمیں لازمی طور پر اپنے شہریوں کے لیے ملازمتوں کے مزید بہتر مواقع پیدا کرنا ہوں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کی خاطر ترقی کا باعث بننے والے معاہدوں کو حتمی شکل دینا ہو گی، جیسا کہ سیٹا ہے۔
اس موقع پر یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر نے اس اقتصادی معاہدے کو کینیڈا اور یورپی یونین کے مابین اقتصادی تعلقات کے لیے ایک نیا باب قرار دیا ہے، جو دونوں خطوں کے باشندوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
تاہم دوسری طرف Comprehensive Economic and Trade Agreement (سیٹا) کے مخالفین نے برسلز میں ایک مظاہرے کا اہتمام بھی کیا۔ سو کے قریب مظاہرین نے یورپی کونسل کی بلڈنگ کے باہر نعرے بازی کی اور ڈھول بجائے۔ اس موقع پر کسی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
کئی مظاہرین نے پولیس کی طرف سے لگائی جانے والی رکاوٹوں کو عبور کرنے کی کوشش بھی کی، جس پر پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار بھی کر لیا۔