1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آبوجہ میں اقوام متحدہ کے کمپاؤنڈ پر ہلاکت خیز خود کش حملہ

26 اگست 2011

افریقی ملک نائجیریا کے دارالحکومت آبوجہ میں آج جمعے کو اقوام متحدہ کے کمپاؤنڈ پر کیے گئے خود کش بم حملے میں کم از کم اٹھارہ افراد ہلاک ہوگئے۔ اس حملے میں کمپاؤنڈ کا وسیع تر حصہ تباہ ہو گیا۔

https://p.dw.com/p/12OR9
تصویر: dapd

آبوجہ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اس دھماکے کے نتیجے میں بہت سے افراد اس کمپاؤنڈ کے تباہ شدہ حصے میں پھنس کر رہ گئے۔ عینی شاہدین  نے بتایا کہ یہ دھماکہ اس وقت ہوا، جب ایک مشتبہ شخص اپنی کار میں بڑی تیز رفتاری سے اس کمپاؤنڈ کا سامنے والا دروازہ توڑتا ہوا عمارت کی حدود میں داخل ہوا۔

Anschlag auf ein UN Büro in Abuja Nigeria
تصویر: dapd

اس کے فوری بعد وہاں ایک بہت طاقتور دھماکہ ہوا، جس نے عالمی ادارے کے کارکنوں کے زیر استعمال اس عمارت کی پہلی دونوں منزلوں کو زیادہ تر تباہ کر دیا۔ حملے کے فوری بعد سے امدادی کارکن وہاں پھنسے یا زخمی حالت میں ملبے تلے دبے افراد کو وہاں سے نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

اس حملے کی فوری طور پر کسی بھی عسکریت پسند گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ اس میں ممکنہ طور پر بوکو حرام کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ بوکو حرام نائجیریا میں مقامی مسلمانوں کا ایک ایسا شدت پسند گروپ ہے، جس پر ماضی میں بھی کئی مختلف بم حملوں کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔

نائجیریا میں آبوجہ کا شہر فیڈرل کیپیٹل ریجن کا حصہ ہے، جس میں اس شہر کے علاوہ کئی مضافاتی علاقے بھی شامل ہیں۔ اس خطے کے پولیس کمشنر مائک ذوکومور نے فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکے کے فوری بعد شروع کی جانے والی امدادی کارروائیوں  کے دوران کل اٹھارہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی تھی جبکہ کم از کم آٹھ دیگر افراد زخمی ہوئے۔

NO FLASH Nigeria Abuja UN Bombenanschlag
تصویر: dapd

مائک ذوکومور کے مطابق اس حملے میں حملہ آور نے جو گاڑی استعمال کی، وہ ایک Honda Accord تھی اور دھماکہ اتنا شدید تھا کہ حملہ آور کے جسم کے ٹکڑے دور دور تک پھیل گئے۔ امدادی کارکنوں کے بقول ابھی تک یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ اس عمارت کے اندر یا وہاں ملبے تلے پھنسے افراد کی تعداد کتنی ہے، جن میں ممکنہ طور پر کافی زیادہ لوگ زخمی بھی ہو سکتے ہیں۔

اس خود کش بم حملے کے بارے میں سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ کی ایک خاتون ترجمان نے آج بتایا کہ عالمی ادارے کے اعلیٰ حکام نے اس ادارے کے لاگوس میں موجود نمائندوں سے جو گفتگو کی، اس میں اس بم حملے کی تصدیق تو ہو گئی ہے، تاہم فوری طور پر اس سے زیادہ تفصیلات دستیاب نہیں ہو سکیں۔

آج کے خود کش بم حملے کا نشانہ بننے والا آبوجہ میں اقوام متحدہ کا یہ کمپاؤنڈ اس شہر کے غیر ملکی سفارت خانوں والے علاقے میں اس جگہ واقع ہے، جہاں سے امریکی سفارت خانہ بھی زیادہ دور نہیں ہے۔ اس عمارت میں عالمی ادارے کی کئی ذیلی تنظیموں کے مقامی دفاتر کام کر رہے تھے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں