آئی فون فائیو کی بجائے آئی فون فور- ایس
6 اکتوبر 2011معروف امریکی کمپیوٹر ساز ادارے ایپل کی طرف سے چار اکتوبر کو جو نیا اسمارٹ فون متعارف کرایا گیا ہے اسے آئی فون فور-ایس کا نام دیا گیا ہے۔ تاہم میڈیا اور ٹیکنالوجی ماہرین سال بھر سے ایپل کی طرف سے آئی فون فائیو کے منتظر تھے۔
آئی فون فور کے مقابلے میں فور-ایس نہ صرف ہارڈ ویئر کے حوالے سےبہتر بنایا گیا ہے بلکہ اس میں سوفٹ ویئر بھی کئی حوالوں سے زیادہ بہتر ہے۔ نئے آئی فون میں بطور پروسیسر A-5 چپ استعمال کی گئی ہے۔ یہ وہی چپ ہے جو ایپل کے آئی پیڈ ٹو میں بھی موجود ہے۔ یہ نیا پروسیسر آئی فون فور کے پروسیسر کے مقابلے میں دگنا طاقتور ہے۔ اس کے علاوہ یہ چپ گرافکس کو موجودہ فون کے مقابلے میں سات گنا زیادہ رفتار سے پراسیس کرتی ہے۔ اس وجہ سے اس نئے فون پر گیمز کھیلنے والوں کو ایک بالکل ہی نیا تجربہ ہو گا۔
اس کے علاوہ نئے آئی فون میں آٹھ میگا پکسل کیمرہ نصب ہے۔ ایچ ڈی کوالٹی ویڈیو بنانے والے اس کیمرے میں اب امیج اسٹیبلائزر بھی موجود ہے۔ آئی فون فور کے برعکس فور-ایس کی نہ صرف بیٹری ٹائمنگ زیادہ بہتر ہے بلکہ اس میں سگنلز کے زیادہ بہتر حصول کے لیے انٹینا بھی دو نصب کیے گئے ہیں۔
آئی فون فور ایس ایپل کے نئے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس فائیو پر کام کرتا ہے۔ اس آپریٹنگ سسٹم میں اپنے پیشرو کے مقابلے میں 200 کے قریب زائد فیچرز موجود ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں ’انٹیلیجنٹ اسسٹنٹ‘ بھی موجود ہے جسے Siri کا نام دیا گیا ہے۔ یہ انگریزی، فرانسیسی اور جرمن زبانوں میں بول کر دیے جانے والے احکامات کو سمجھ کر مطلوبہ کام انجام دے سکتا ہے۔ مثلاﹰ اس کے ذریعے آپ بول کر ای میل یا ایس ایم ایس پیغامات بھیج سکتے ہیں، آپ اپنی مصروفیات شیڈول کر سکتے ہیں یا کسی بھی مقام کے بارے میں معلومات یا وہاں موجود سہولتوں کے بارے میں جان سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ آپ Siri سے یہ بھی پوچھ سکتے ہیں کہ آج آپ کو رین کوٹ یعنی برساتی پہننے کی ضرورت ہے؟ جس کا جواب Siri موسم کی صورتحال دیکھ کر آپ کو بتا سکتی ہے۔
اگرچہ اس نئے اسمارٹ فون میں آئی فون فور کی نسبت بہت سے نئے فیچرز موجود ہیں مگر آئی فون کے چاہنے والوں اور سرمایہ کاروں کے لیے یہ نیا فون کسی حد تک مایوسی کا سبب بنا ہے، کیونکہ لوگوں کو توقع تھی کہ ایپل کی طرف سے ایک بالکل ہی مختلف فون متعارف کروایا جائے گا۔
آئی فون فور-ایس کی فروخت 14 اکتوبر سے شروع ہو جائے گی۔ ایپل کے مطابق یہ نیا آئی فون رواں برس دسمبر تک موبائل سروس فراہم کرنے والے 100 سے زائد پارٹنرز کے تعاون سے 70 ممالک میں دستیاب ہو گا۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: امجد علی