1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئرلینڈ کے آخری لمحے پر گول نے جرمنی سے فتح چھین لی

عاطف توقیر15 اکتوبر 2014

یورو 2016 کے کوالیفائنگ مقابلوں کے سلسلے میں منگل کے روز ہونے والے ایک میچ میں اختتام سے چند لمحے قبل آئرلینڈ نے گول کر کے جرمنی کی فتح کو برابری میں تبدیل کر دیا۔

https://p.dw.com/p/1DViG
تصویر: Reuters/Ina Fassbender

منگل کے روز یہ کوالیفائنگ میچ جرمن شہر گیلزن کرشن میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں عالمی چیمپئن جرمن ٹیم تمام وقت ایک صفر سے جیت رہی تھی، تاہم میچ کے اختتام سے چند ثانیے قبل آئرلینڈ کے کھلاڑی جان اوشیا نے گول کر کے اس میچ کو ڈرا کر دیا۔

جرمن ٹیم ہفتے کے روز وارسا میں پولینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں دو صفر سے شکست سے دوچار ہو گئی تھی۔ اس لیے میچ کے آغاز سے ہی جرمن کھلاڑیوں نے آئرلینڈ کے گول پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دیے، تاہم جرمن کھلاڑی کھیل کے 71ویں منٹ تک بال کو گول میں پہنچانے میں ناکام رہے۔ کھیل کے 71ویں منٹ میں یہ ڈیڈ لاک اس وقت ٹوٹا جب ٹونی کروز نے ڈی کے باہر سے ایک تیز رفتار کک کے ذریعے بال گول میں داغ دی اور اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

EM-Qualifikation 2014 Deutschland - Irland
آخری لمحے میں آئرلینڈ نے جرمنی کی یقینی فتح کو برابری میں بدل دیاتصویر: Odd Andersen/AFP/Getty Images

اس میچ میں آئرلینڈ کی ٹیم نے خاصے دفاعی کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم اس گول کے بعد آئرش کھلاڑیوں نے بھی جرمن گول پر حملے تیز کر دیے۔ مقررہ 90 منٹ پورے ہو جانے کے بعد چار منٹ کا اسٹاپیج ٹائم جاری تھا، جب آئرش دفاعی کھلاڑی اوشیا نے گول کر کے جرمن ٹیم سے اس کی یقینی فتح چھین لی۔

میچ کے بعد اوشیا کا کہنا تھا، ’یہ ایک انتہائی خاص لمحہ تھا۔ ہم نے زبردست جذبے سے میچ کھیلا۔ ہم اتنے اچھے کھیل کے بعد یہ نہیں چاہتے تھے کہ لوگ کہیں، انہوں نے بس ٹھیک کھیلا‘۔

ان کا مزید کہنا تھا، ’یہ کتنی حسین شام ہے کہ آخر میں، میں نے اپنے حصے کا کردار ادا کر دیا‘۔

اس نتیجے کے بعد آئرلینڈ گزشتہ تین میچوں میں سات پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکا ہے، جب کہ گروپ ڈی میں جرمنی اس وقت چوتھی پوزیشن پر ہے۔ منگل کے روز وارسا میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف دو دو گول سے میچ برابر کرنے والی پولینڈ کی ٹیم گول اوسط کی بنیاد پر اس گروپ میں سب سے اوپر ہے۔