67 واں یوم نکبہ، جھڑپوں میں 21 فلسطینی زخمی
15 مئی 2015فلسطینی ہر سال یہ دن 1948ء میں اپنے گھروں سے بے دخل کیے جانے کی یاد میں مناتے ہیں اور وہ اپنی شکست اور گھر بدری کو النکبۃ کا نام دیتے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان یہ جھڑپیں راملہ اور نابلوس میں ہوئیں۔ اے ایف پی کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے راملہ کے قریب اوفر ملٹری جیل کے باہر درجنوں افراد نے اسرائیلی فوجیوں پر پتھر پھینکے، جس کے جواب میں اسرائیلی فوجیوں نے ربڑ کی گولیاں چلائیں اور مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل پھینکے۔ طبی حکام کے مطابق اس موقع پر سات فلسطینی زخمی ہوئے۔
مغربی کنارے ہی کے شہر نابلوس میں ہونے والی جھڑپوں میں اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے ربڑ کی گولیوں کے ساتھ ساتھ اصلی گولیاں چلانے کے نتیجے میں کم از کم 10 فلسطینی زخمی ہوئے۔ اے ایف پی نے یہ بات سکیورٹی ذرائع اور عینی شاہدین کے حوالے سے بتائی ہے۔
اسرائیلی فوج نے جھڑپوں کی تصدیق کی ہے تاہم اس بات سے انکار کیا ہے کہ مظاہرین پر فائرنگ بھی کی گئی ہے۔
فلسطینی عین شاہدین اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق آج جمعے کی صبح قریبی یہودی آبادی سے ایک ہزار سے زائد لوگوں کو بسوں کے ذریعے وہاں موجود حضرت یوسف کے مقبرے پر لے جایا گیا جبکہ اسرائیلی فوج نے اس موقع پر اس مزار کی طرف جانے والے راستے کو بند کر دیا۔ اس پر فلسطینیوں نے احتجاج کیا اور ان میں سے بعض نے پتھراؤ کیا، جس کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
اسرائیلی فوج کی ایک خاتون ترجمان کے مطابق فوجیوں نے تین ہزار یہودی زائرین کو بدھ کی شام مذکورہ علاقے میں پہنچایا تھا جبکہ قریب 200 فلسطینی اس علاقے میں پہنچے اور انہوں نے نہ صرف پتھراؤ کیا بلکہ ٹائر بھی جلائے۔ اس ترجمان کے مطابق فوجیوں نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے اقدامات کیے۔
اسرائیلی محاصرے میں موجود غزہ پٹی کے علاقے میں فلسطینیوں کو یہ اجازت نہیں ہے کہ وہ پیدل سرحدی باڑ کے 100 فٹ کے اندر جا سکیں جبکہ کسی گاڑی پر سوار ہونے کی صورت میں ان پر 300 میٹر کے فاصلے تک آنے پر پابندی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوجی عام طور پر ان لوگوں پر فائرنگ کر دیتے ہیں، جو اس فاصلے کے اندر آ جاتے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق غزہ سٹی میں یوم نکبہ پر ہونے والے مظاہرے میں قریب 2000 لوگ شریک ہوئے۔ اس موقع پر حماس کے ایک اہلکار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’فلسطین کی آزادی تک دشمن اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رکھی جائے گی‘۔
1948ء میں اسرائیل کے قیام کے بعد 760,000 سے زائد فلسطینیوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور کر دیا گیا۔ اس دن کی یاد میں فلسطینی ہر سال 15 مئی کو یوم نکبہ مناتے ہیں۔