1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

103 برس پہلے پیدا ہونے والا منٹو اپنی تحریروں میں زندہ

عصمت جبیں11 مئی 2015

سعادت حسن منٹو کا شمار اردو کے ان افسانہ نگاروں میں ہوتا ہے، جن کی تحریریں آج بھی ذوق و شوق سے پڑھی جاتی ہیں۔ 42 برس کی عمر میں انتقال کر جانے والے اس صاحب طرز نثرنگار کا 103 واں یوم پدائش گیارہ مئی کو منایا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/LZlP
Buchcover Saadat Hasan Manto: Selected Short Stories
تصویر: Random House

منٹو کے افسانے نہ صرف اردو ادب کا بیش قیمت سرمایہ ہیں بلکہ ان کی سبھی تحریریں بشمول افسانے، مضامین اور خاکے اردو ادب میں بےمثال حیثیت کے حامل ہیں۔ منٹو کی ادبی تخلیقات کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی تحریروں کے ذریعے دیکھی بھالی اور جانی پہچانی دنیا میں ہی ایک ایسی دنیا دریافت کی جسے لوگ درخوراعتناء نہیں سمجھتے تھے، یہ کہتے ہوئے کہ یہ گمراہ لوگوں کی دنیا ہے۔ ایسے لوگ جومروجہ اخلاقی نظام سے ماورا اپنی ہی بنائی ہوئی دنیا کے اصولوں پر چلتے تھے۔ ان میں اچھےلوگ بھی تھے اور برے بھی۔

یہی لوگ منٹو کی تخلیقات کا موضوع بھی تھے۔ اردو افسانے میں یہ ایک بہت بڑی موضوعاتی تبدیلی تھی جسے نئی طرز کی افسانہ نگاری میں دیوار کی پہلی اینٹ قرار دیا گیا۔ سعادت حسن منٹو کے افسانے محض واقعاتی نہیں ہوتے تھے بلکہ ان افسانوں کےماحول اورکرداروں میں تیسری دنیا کے پسماندہ معاشروں کے تضادات کی داستانیں بھی ہوتی تھیں۔

سعادت حسن منٹو11 مئی 1912کو لدھیانہ کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد غلام حسن منٹو کشمیری تھے، جو امرتسر کے ایک محلے کوچہ وکیلاں میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہتے تھے۔ منٹو کےدوست اور سوانح نگار ابو سعید قریشی کے مطابق سعادت حسن بچپن ہی سے کھلنڈرے اور شرارتی قسم کے لڑکے تھے جو اپنے دوستوں کو چونکا دینے کے لیے غیر معمولی شرارتیں کیا کرتے تھے۔ سعادت حسن کے دوست انہیں ٹامی کے نام سے پکارتے تھے۔

Buchcover Saadat Hasan Manto Stars from another Sky
منٹو کی تحریریں برصغیر کی تقسیم سے وابستہ موضوعات کی بھی بھر پور عکاسی کرتی ہیںتصویر: Penguin Classics

سعادت حسن منٹو اپنےگھر میں ایک سہما ہوا بچہ سمجھے جاتے تھے۔ سوتیلے بہن بھائیوں کی موجودگی اور والد کی سختی کی وجہ سے وہ اپنا آپ ظاہر نہ کر سکتے تھے البتہ ان کی والدہ ان کی طرفداری کرتی تھیں۔ ان حالات میں سعادت حسن منٹو کو اپنی اصل شخصیت کے اظہار کا موقع اپنے علاقے کے گلی کوچوں میں ملتا۔ وہ ابتدا ہی سے تعلیم کی طرف مائل نہیں تھے۔ اسی لیے ان کا تعلیمی کیریئر بھی حوصلہ افزا نہیں تھا۔ میٹرک کے امتحان میں تین مرتبہ فیل ہونے کے بعد انھوں نے 1931ء میں یہ امتحان پاس کیا۔ ان کی سوچ اور زندگی میں ایک نیا باب اس وقت شروع ہوا جب 1933ء میں اکیس برس کی عمر میں امرتسر میں ہی ان کی ملاقات عبدالباری علیگ سے ہوئی جو اس وقت کے ایک معروف سکالر اور رائٹر تھے۔ عبدالباری علیگ نے منٹو کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اپنے اندر کے ادیب کو پہچاننے اور روسی اور فرانسیسی ادیبوں کو پڑھنے کا مشورہ دیا۔

منٹو نے شروع میں ترقی پسند نظریات کے حامل افسانے لکھے جس کے بعد ان کے اسلوب اور تخلیق میں مسلسل نکھار آتا گیا اور پھر ان کی ہر تحریر آنے والے وقت کا ادبی معیار بنتی گئی۔ منٹو کے شہرہٴ آفاق افسانوں میں ٹوبہ ٹیک سنگھ، کھول دو، ٹھنڈا گوشت، دھواں اور کالی شلوار جیسی بہت سی تخلیقات شامل ہیں۔ ان کے افسانوں کے کئی مجموعے، خاکے اور ڈرامے بھی شائع ہو چکے ہیں۔

منٹو بر صغیر کی تقسیم کے بعد بھارت میں بمبئی سے پاکستان آ کر لاہور میں قیام پذیر ہو گئے تھے جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے آخری سال گذارے۔ کثرت شراب نوشی کی وجہ سے لاہور ہی میں ان کا انتقال 18جنوری 1955ء کو صرف بیالیس سال کی عمر میں ہوا۔ یوں آج منٹو کو اس دنیا اور اپنے مداحوں سے رخصت ہوئے ساٹھ برس ہو گئے ہیں۔ ان کی تحریریں آج بھی دنیا کو اس عظیم مصنف کی باریک بین آنکھ اور ان کے خیالات و مشاہدات سے متعارف کراتی ہیں۔ یہ سلسلہ تب تک جاری رہے گا جب تک دنیا میں اردو زبان لکھی، پڑھی اور بولی جاتی رہے گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید