یورپ کے چند قابلِ دید مشہور قلعے
یورپی تاریخی کی ایک پہنچان وہ عالی شان قلعے ہیں، جو ایک طرف تو فن تعمیر کا نادر نمونہ پیش کرتے ہوئے اور دوسری جانب بادشاہوں کی شاہ و شوکت کی یاد دلاتے ہیں۔
ہوہینسولیرن قلعہ، جرمنی
سوابیان ایپلس میں واقع یہ قلعہ 855 میٹر اونچائی پر ہے۔ پرشیا پر سن 1525 تا 1918 اور جرمنی پر 1871 تا 1918 حکمرانی کرنے والے بادشاہ ہوہینسولیرن کا یہ گھر یورپ کے حسین ترین محلات میں سے ایک ہے۔ اس محل کی خاص بات شاہی نوادرات ہیں، جن میں بادشاہ وِلہیلم دوئم کا تاج بھی شامل ہے۔
لندن کا ٹاور، برطانیہ
یہ قلعہ کسی دور میں شاہی محل رہا۔ یہاں فوج، خزانہ اور حتیٰ کے چڑیا گھر تک موجود تھا، جس میں ہاتھی، بندر اور گینڈے رہتے تھے۔ یہ قریب ایک ہزار برس قدیم ہے۔ اب یہاں عقاب بستے ہیں، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ اس ٹاور کے محافظ ہیں اور اگر یہ یہاں سے چلے گئے، تو ٹاور گر جائے گا۔
ٹَنٹاگل کا قلعہ، برطانیہ
کسی دور میں یہ ایک بڑی عمارت تھی۔ اب اگر آپ اس جگہ صبح سویرے یا سورج ڈوبتے وقت جائیں، تو یوں لگے گا، جیسے ہوائیں سیٹیاں بجاتی گزر رہی ہیں۔ یہاں آرتھر بادشاہ اور اس کے جاں نثار بیٹھا کرتے تھے۔
مقدس فرشتے کا قلعہ، اٹلی
اس قلعے کی سب سے اہم پہچان یہ ہے کہ یہاں پوپ کلیمنٹ ہفتم نے پناہ لی تھی۔ ہولی رومن ایمپائر کے فوجیوں نے سن 1527ء میں انہیں برطرف کر دیا تھا۔ اٹھاریں صدی سے انیسویں صدی کی ساتویں دہائی تک اسے پاپائی ریاست نے جیل کے طور پر بھی استعمال کیا۔
فورٹیفائڈ چرچ، رومانیہ
یہ چرچ پندھوریں صدی میں تعمیر کیا گیا تھا اور سن 1993 سے یونیسکو اسے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کر چکا ہے۔ صدیوں تک جب بھی اس علاقے پر حملے ہوئے لوگ گرجا گھروں میں پناہ لیتے رہے، کیوں کہ اس دور میں یہی وہ عمارات ہوتی تھیں، جو پتھروں سے بنی ہوتی تھی۔
فلیکن سٹائن کا قلعہ، فرانس
فلیکن سٹائن کے خاندان کا یہ تاریخی قلعہ ہے۔ شمال مشرقی فرانس میں واقع یہ قلعہ اس علاقے میں واقع ہے، جو جرمن سرحد کے قریب ہے۔ عہدِ وسطیٰ میں تعمیر کیا جانے والا یہ قلعہ اب بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
لوکیٹ کا قلعہ، چیک جمہوریہ
مشہور جرمن شاعر جوہان وولف گانگ فان گوئٹے نے کم از کم دس بار اس قلعے کا دورہ کیا۔ انہوں نے 28 اگست سن 1823 کو اپنی 74ویں سالگرہ بھی اسی قلعے میں منائی تھی۔
ایلٹس کا قلعہ، جرمنی
اس قلعے کی تاریخ نویں صدی میں ملتی ہے۔ ستر میٹر اونچی یہ عمارت موسل دریا کے کنارے قائم ہے۔ یہ قلعہ تیس نسلوں تک ایلٹس کے شاہی خاندان کی ملکیت رہا۔ اس دوران کئی مرتبہ اس قلعے کی مرمت اور تزین و آرائش ہوئی۔