یورپی یونین کے لیے نوبل امن انعام، جرمن چانسلر کا خیر مقدم
13 اکتوبر 2012جمعہ کے دن نوبل کمیٹی کی طرف سے ای یو کو سال2012 کا نوبل امن انعام دینے کا اعلان کیے جانے کے بعد جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ایک مختصر پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور بھی یہ سمجھتی ہیں کہ یہ انعام کچھ کرنے کی تقویت بھی دیتا ہے اور ساتھ میں ایک ذمہ داری بھی عائد کرتا ہے۔
یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل نے مزید کہا کہ یورپی یونین کو اس انعام کا حقدار قرار دینا ستائیس رکنی اس بلاک کے لیے ’ایک انتہائی عمدہ اعلان‘ ہے۔ یورو زون کے قرضوں کے بحران کے تناظر میں انگیلا میرکل نے کہا کہ یورو مشترکہ کرنسی سے بڑھ کر ہے، کیونکہ یہ مشترکہ کرنسی اس حقیقی نظریے کی غمازی کرتی ہےجس کی بنیاد اس پر امن معاشرے پر مبنی ہےجہاں مشرکہ اقدار بھی پائی جاتی ہیں۔
فرانسیسی صدر فرانسوااولاند نے بھی نوبل کمیٹی کی طرف سے رواں برس کے نوبل امن انعام کے لیے یورپی یونین کے انتخاب کو ’انتہائی عزت افزائی‘ سے تعبیر کیا ہے۔ یورپی یونین کےصدر ہیرمان فان رومپوئے اور یورپی کمیشن کے صدر باروسو نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین نے سرد جنگ کے زمانے میں منقسم ہو جانے والے یورپ کا انضمام ممکن بنایا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون، جن کی قدامت پسند سیاسی پارٹی یورپی اتحاد کےحوالے سے کوئی خاص گرمجوشی نہیں رکھتی، نے یورپی یونین کو دیے گئے نوبل امن انعام پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ برطانوی اپوزیشن لیبر پارٹی کے ایک اعلیٰ سیاستدان ایڈ بالز نے یونان کے مالی بحران پر طنز کرتےہوئے کہا: ’’وہ اس بات پر آج رات ایتھنز میں خوشیاں منا رہے ہوں گے۔‘‘
نوبل کمیٹی نے یورپی یونین کو انعام دیتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ یورو بحران کے نتیجے میں اس مخصوص وقت کے دوران بلاک کو پریشانی درپیش ہے۔ تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس مشکل وقت میں یورپی یونین کے لیے یہ انعام یورپی رہنماؤں کے حوصلے بلند کرنے اور اس مشکل وقت سے نکلنے میں ان کو اخلاقی مدد ضرور فراہم کرے گا۔ دریں اثناء کئی ناقدین نے اس مخصوص وقت پر یورپی یونین کو یہ انعام دیے جانے پر تنقید بھی کی ہے۔
ab/ng (Reuters, AFP, dpa)