ہیلموٹ کوہل بعد از مرگ بھی جرمن سے زیادہ یورپی ٹھہرے
1 جولائی 2017ہیلموٹ کوہل نے یورپی اتحاد کے عمل میں بھی بے مثال خدمات انجام دی تھیں اور متحد یورپ کے وہ ایسے پہلے لیڈر بھی بن گئے ہیں، جن کے انتقال پر یورپی یونین کی طرف سے سرکاری طور پر ایک تعزیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
کوہل کی آخری رسومات سے قبل آج ہفتے کے روز ان کی یاد میں یورپی یونین کی مرکزی تعزیتی تقریب فرانسیسی شہر اسٹراسبرگ میں ہوئی، جو یورپی پارلیمان کے دو میزبان شہروں میں سے ایک ہے۔
ہیلموٹ کوہل کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دنیا بھر سے کئی سابق اور موجودہ حکمران شخصیات اسٹراسبرگ پہنچی تھیں۔ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل، یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود یُنکر، فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں، روسی وزیر اعظم دیمتری میدویدیف اور سابق امریکی صدر بل کلنٹن بھی شامل تھے۔
یورپی کمیشن کے صدر یُنکر نے کہا کہ جرمنی کے ساتھ سرحد پر واقع فرانسیسی شہر اسٹراسبرگ میں ہیلموٹ کوہل کی یاد میں مرکزی تعزیتی تقریب کا اہتمام انہی کی خواہش پر کیا گیا۔ یُنکر کا کوہل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کوہل نہ صرف جرمنی بلکہ یورپ سے بھی بہت زیادہ محبت کرتے تھے۔
اس موقع پر موجودہ جرمن چانسلر میرکل نے کہا ہے کہ اگر ہیلموٹ کوہل نہ ہوتے، تو خود میرکل کی زندگی شاید ان کی موجودہ زندگی سے بالکل مختلف ہوتی۔ میرکل نے کہا، ’’ہیلموٹ کوہل کے بغیر (اس دور میں) دیوار کے دوسری طرف رہنے والے کئی ملین جرمنوں کی زندگیاں (آج) بالکل مختلف ہوتیں۔‘‘ دیوار سے میرکل کی مراد دیوار برلن تھی۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کوہل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تمام یورپی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ کوہل کو اپنی زندگی کے لیے نمونہ بنائیں، ’’ہم ابھی بھی ان سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اور متحد رہتے ہوئے ترقی کر سکتے ہیں۔‘‘
سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہیلموٹ کوہل سے محبت کرتے تھے، ’’ہیلموٹ کوہل نے ہمیں اپنی ذات سے بڑا مقصد دیا۔ کوہل قومی مفاد سے ہٹ کر بین الاقوامی تعاون کی خواہش رکھتے تھے۔‘‘
روسی وزیر اعظم دیمتری میدویدیف نے ہیلموٹ کوہل کے روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جرمنی کے اس سابق چانسلر کے لیے روس ایک متحدہ یورپ کا حصہ ہوتا، ’’کوہل کے لیے خاردار تاروں کے بغیر روس گھر ہی کا حصہ تھا۔‘‘
اسی طرح دنیا بھر سے آئی ہوئی بہت سی دیگر سیاسی شخصیات نے بھی انتہائی محبت بھرے الفاظ میں ہیلموٹ کوہل کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اسٹراسبرگ میں ہونے والی اس تعزیتی تقریب میں تقریباﹰ آٹھ سو سرکردہ شخصیات شریک ہوئیں۔ اس تقریب کے بعد کوہل کا ایک تابوت میں بند جسد خاکی اب جرمن شہر اسپیئر پہنچا جا رہا ہے، جہاں آج ہفتے کی شام انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا جائے گا۔