ہیلموٹ شمٹ انتقال کر گئے
وفاقی جمہوریہ جرمنی کے سابق چانسلر ہیلموٹ شمٹ 96 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ گزشتہ کئی روز سے بیمار تھے۔
’بحرانوں کو حل کرنے والا‘
ہیلموٹ شمٹ کو ’بحرانوں کو حل‘ کرنے والے چانسلر کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔ فروری 1962 میں ہیمبرگ میں طوفان اور سیلاب آیا تھا۔ اس وقت بیالیس سالہ ہیلموٹ شمٹ وہاں کے وزیر داخلہ تھے اور یہ ان کا پہلا امتحان تھا۔ اس وقت اس سابق وزیر داخلہ نے دفتری رکاوٹوں کو درمیان میں لائے بغیر امدادی کاموں کے لیے فوج کو طلب کر لیا۔ اس واقعے کے بعد وہ نہ صرف جرمنی میں مشہور ہوئے بلکہ دنیا نے بھی ان کی تعریف کی۔
ہیلموٹ شمٹ کی لگن
وفاقی حکومت میں ہیلموٹ شمٹ نے اپنی پہلی ذمہ داری بطور وزیر دفاع بائیس اکتوبر 1969ء کو سنبھالی۔ جلد ہی انہوں نے لازمی فوجی سروس کا دورانیہ اٹھارہ ماہ سے کم کرتے ہوئے پندرہ ماہ کر دیا۔ 1972ء سے انہوں نے وزیر خزانہ کے طور پر کام کرنا شروع کر دیا۔ اس وقت انہوں نے ایس پی ڈی کے ہی چانسلر ولی برانڈ اور اس وقت کے وزیر خارجہ والٹر شِیل سے مل کر کام کیا۔ ہیلموٹ شمٹ طاقت کے مرکز تک پہنچ چکے تھے۔
’کاروباری دنیا کے بھی ماہر‘
سن 1974ء میں اس وقت کے چانسلر ولی برانڈ مستعفی ہو گئے اور ہیلموٹ شمٹ ان کے جانشین بنے۔ انہیں ’کاروباری دنیا‘ کا بھی ماہر سمجھا جاتا تھا لیکن اکثر و بیشتر ان کی اپنی ہی جماعت ایس پی ڈی نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
گھریلو زندگی
سیاست سے باہر اپنی زندگی میں انہوں نے سب سے زیادہ وقت اپنی اہلیہ ہانےلورے ’لوکی‘ شمٹ کے ساتھ گزارا۔ دونوں نے انیس سو بیالیس میں شادی کی اور ان کے دو بچے تھے۔ ان کا لڑکا پیدائش کے پہلے سال ہی انتقال کر گیا تھا۔ ہیلموٹ شمٹ سن دو ہزار دس تک اپنی اہلیہ لوکی کی وفات تک ان کے ساتھ رہے۔
مشکل اور صبر آزما لمحے
سن 1977ء میں جب ریڈ آرمی نے اہم بزنس مین ہانس مارٹین شلائیر کو ہلاک کر دیا تھا۔ یہ واقعہ ہیملوٹ شمٹ کے لیے ایک انتہائی صبر آزما قرار دیا جاتا ہے۔ تاہم شمٹ نے سیاسی بصیرت سے کام لیتے ہوئے اس صورتحال کا سامنا بھی بہت عمدگی سے سامنا کیا۔ اس تصویر میں وہ ہانس مارٹین شلایئر کی بیوہ والٹ ٹروڈ شلائیر کے ساتھ تعزیت کر رہے ہیں۔
فرانس کے ساتھ قریبی تعلقات
ہیلموٹ شمٹ نے اپنے دور میں خاص طور پر فرانس کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنایا۔ انہوں نے فرانس کے ساتھ مل کر یورپی مالیاتی نظام ’’ای ڈبلیو ایس‘‘ کی بنیاد رکھی۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے اتحادی امریکا کے ساتھ روابط کو مضبوط تر بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
عوامی تنقید
ستّر اور اسّی کی دہائیوں میں شروع میں تحفظ ماحول اور امن پسند تحریکوں کو بہت اہم سمجھا جاتا تھا۔ ہیلموٹ شمٹ اس وقت بھی ایٹمی بجلی گھروں کے حق میں تھے اور ایسی ہی ترجیحات کی بناء پر انہیں سخت تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا۔
دور کا اختتام
سن انیس سو بیاسی میں حکومتی اتحاد ٹوٹنے کے ساتھ ہی چانسلر ہیلموٹ شمٹ کا دور اختتام پذیر ہوا۔ اب ہر ’’بحران کا حل ڈھونڈ نکالنے والے چانسلر‘‘ کے نام سے مشہور ہیلموٹ شمٹ صرف سابق چانسلر تھے۔
’محبوب ترین سیاستدان‘
اپنی زندگی کے اختتام سے کچھ دیر پہلے تک وہ ملکی اور خارجہ پالیسیوں کی بحث میں شریک ہوتے رہے۔ سن دو ہزار پانچ کے ایک سروے کے مطابق انہیں جرمنوں کا محبوب ترین سیاستدان قرار دیا گیا۔ وہ اپنی وفات سے کچھ دیر پہلے تک اپنی سیاسی جماعت ایس پی ڈی کے لیے ایک مشیر کا کام کرتے رہے۔ جرمنی کے تمام بڑے سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں نے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔