ہنگری: مہاجرین مخالف پالیسی کا دفاع موبائل بِل بورڈ کریں گے
29 نومبر 2018اس ماہ کے اوائل میں یورپی پارلیمان کے رکن گائے فرہوفٹ شٹڈ نے برسلز میں ایک ٹرک پر ایک بل بورڈ آویزاں کیا تھا جس میں ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کو ایک ایسے فرد کے طور پر ظاہر کیا گیا تھا جو بلاک سے کافی رقوم لینے کے بعد یورپی یونین کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
اس کے رد عمل کے طور پر بوڈا پیسٹ حکومت کے ترجمان زولتان کوسک کا گزشتہ رات ایک بیان میں کہنا تھا کہ ایک ایسا ہی ٹرک ایسے بِل بورڈز کے ساتھ ہنگری بھر میں پھرانے کے بعد بودا پیسٹ بھیجا جائے گا جو فرہوفٹ شٹڈ کے نظریات کا مضحکہ اڑائیں گے۔
اس بل بورڈ پر درج ہو گا،’’ کہ سن دو ہزار پندرہ سے اب تک سینکڑوں افراد دہشت گردانہ حملوں میں مارے گئے اور یہ کہتے ہیں کہ مہاجرت کا بحران نہیں۔‘‘
اپریل میں تیسری مدت کے لیے وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے والے وکٹر اوربان یورپی یونین کی جانب سے مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے ایک متفقہ حکمتِ عملی اپنانے کی راہ میں رکاوٹ سمجھے جاتے ہیں۔ وہ یورپی یونین کے رکن ممالک میں کوٹے کے تحت مہاجرین کی تقسیم کے بھی سخت مخالف ہیں۔
ابھی دو روز قبل ہی برسلز میں بریگزٹ کانفرنس کے حاشیے پر بات چیت کرتے ہوئے اوربان نے بریگزٹ کا ذمہ دار جزوی طور پر یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر اور یورپ آنے والے مہاجرین دونوں قرار دیا تھا۔
حال ہی میں ہنگری نے اقوام متحدہ کے منظم مہاجرت کے حوالے سے مجوزہ عالمی معاہدے سے دستبرداری کا اعلان بھی کیا ہے۔
ص ح / ع ت / نیوز ایجنسی