1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا کی وبا: قطر ایئر ویز نے اپنے A380 طیارے گراؤنڈ کر دیے

19 اکتوبر 2020

قطر ایئر ویز نے آئندہ دو برسوں تک اپنے ایئر بس A380 طیارے استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قطر کی اس قومی فضائی کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ کورونا وائرس کے بحران کے فضائی سفر کی منڈی پر تباہ کن اثرات کے باعث کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3k8uM
Frankreich | Airbus von Qatar Airways
تصویر: picture-alliance/dpa

قطر ایئر ویز کے چیف ایگزیکٹیو نے پیر انیس اکتوبر کو ایک بیان میں انکشاف کیا کہ یہ ایئر لائن آئندہ کم از کم دو سال تک اپنے A380 طیاروں کو تجارتی پروازوں کے لیے استعمال کرنے کی کوئی امید نہیں رکھتی۔  قبل ازاں قطر ایئر ویز نے اس سلسلے میں اپنے ان سُپر جمبوز کو 2021 ء میں دوبارہ سے بروئے کار لانے کا عندیہ دیا تھا۔ اب اس ایئر لائن کی طرف سے سامنے آنے والے بیان میں ان طیاروں کو استعمال نہ کرنے کی جو مدت بتائی گئی ہے  وہ ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ اس بارے میں ایک آن لائن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قطر ایئر ویز کے  چیف ایگزیکٹیو اکبر الباقر نے کہا، ''سرکاری ایئر لائن اس امر کی قطعاً توقع نہیں رکھتی کہ اگلے دو سالوں میں ہمارے یہ طیارے آپریٹ کریں گے۔‘‘

رواں سال جون میں انہوں نے کہا تھا کہ اس کمپنی کے یہ ہوائی جہاز کم از کم اس سال کے وسط تک زمین پر ہی رہیں گے۔ یہ خلیجی ایئر لائن دراصل اپنے وہ تمام جمبو جیٹ 2024 ء سے ریٹائر کر دینا چاہتی ہے، جو دس سال کی سروس دے چکے ہیں۔

Frankreich Toulouse | Airbus A380
ایئربس A380 کی سروسز جاری رکھنا زیادہ تر ایئر لائنز کے لیے ممکن نہیں رہا۔ تصویر: picture-alliance/abaca/H. Lionel

اکبر الباقر کے مطابق کورونا وائرس کی وبا سے پہلے 2019 ء کے دوران اس ایئر لائن کی ترقی کی شرح دیکھتے ہوئے یہ سوچا جا رہا تھا کہ  ایئر بس A380 کو دوبارہ سے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ تاہم کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب تمام ایئر لائنز کو جو نقصان پہنچا ہے، اور ان کے لیے نئے قواعد و ضوابط جس حد تک سخت کر دیے گئے ہیں، اس فیصلے کی وجہ اور ضرورت قابل فہم ہے۔ اس وقت قطر ایئر ویز 100 مقامات تک رسائی کے لیے اپنے طیارے بروئے کار لا رہی ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کے تحت قطر ایئر ویز کی پروازوں کے پلان میں 25 مقامات کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یورپ میں کورونا کی دوسری لہر کے سبب سفر کرنے پر پابندیاں اور سفری قواعد و ضوابط میں غیر معمولی تبدیلیاں بنی ہیں۔

قطر ایئر ویز کے  چیف ایگزیکٹیو اکبر الباقر کے بقول ان کی حریف ایئر لائنز کی طرف سے ایئر بس A380 کے آپریشنز جاری رکھنا ان کی نگاہ میں بیوقوفی ہے کیونکہ اس وقت سفر کرنے والوں کی تعداد بہت کم ہو چکی ہے اور اس کے سبب ٹکٹوں کی قیمتیں مزید گریں گی۔

Qantas Airlines
قنطاس ایئر لائنز نے ایک نیا لگژری A380 طیارہ لانچ کیا ہے۔تصویر: picture-alliance/dpa/Cover Images

ایئر فرانس نے رواں سال اپنے ایئر بس A380 طیارے ریٹائر کر دیے تھے جیکہ برٹش ایئر ویز اور قنطاس نے اپنے بوئنگ 747 ریٹائر کر دینے کا فیصلہ کیا کیونکہ کورونا وائرس نے فضائی سفر اور سیاحت کے شعبے کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔ درجنوں ایئر لائنز بری طرح زوال پذیر ہیں۔

اُدھر خلیجی ایئر لائن گلف ایئر بھی اس بارے میں شدید تشویش کا شکار ہے کہ آیا اس کا جو ایئر بس A380 فضائی بیڑہ گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، وہ دوبارہ کبھی کار آمد ہو بھی سکے گا یا نہیں؟ فضائی کمپنی امارات نے اپنے سُپر جمبو کی کچھ سروسز دوبارہ شروع کر دی ہیں۔

ک م / م م (روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں