1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمیر میں بھارتی اقدامات: چین سے جڑے لداخ میں بھی نئی کشیدگی

2 اکتوبر 2019

بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر میں نئی دہلی حکومت کے تقریباﹰ دو ماہ قبل کیے گئے اقدامات کے بعد اب اس متنازعہ خطے کے ایک حصے لداخ میں بھی نئی کشیدگی اور سماجی تناؤ پیدا ہو چکے ہیں، جس کی سرحدیں چین سے ملتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/3Qbys
لداخ کے برف پوش علاقے میں ڈیوٹی پر موجود ایک بھارتی فوجیتصویر: Rouf Bhat/Afp/Getty Images

بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر میں لہہ سے بدھ دو اکتوبر کو موصولہ نیوز ایجنسی اے پی کی رپورٹوں کے مطابق لداخ چین کے ساتھ سرحد سے جڑا ہوا ریاست جموں کشمیر کا ایک ایسا انتہائی خوبصورت لیکن دور دراز حصہ ہے، جہاں پانچ اگست کو نئی دہلی میں مودی حکومت کے جموں کشمیر کی بھارتی آئین کے مطابق خصوصی حیثیت کے خاتمے کے اعلان کے بعد سے لے کر اب تک کافی زیادہ تناؤ پیدا ہو چکا ہے۔

مودی حکومت کے اعلان کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین متنازعہ اس ریاست کے نئی دہلی کے زیر انتظام حصے کو مزید دو حصوں میں تقسیم کر دیا جائے گا۔ یہ حصے جموں کشمیر اور لداخ کہلائیں گے اور دونوں ہی بھارت کے یونین علاقے ہوں گے۔

لیکن کشمیر ہی کے ایک حصے سے متعلق بھارت کا چین کے ساتھ تنازعہ بھی پایا جاتا ہے۔ اس تناظر میں جموں کشمیر کے چین کے ساتھ سرحد پر واقع حصے لداخ میں نئے کھچاؤ کا پیدا ہونا سیاسی اور جغرافیائی طور پر ایک یقینی سی بات تھی۔

Grenzkonflikt Indien China Ladakh
تصویر: Getty Images/Daniel Berehulak

لہہ اور کارگل پر مشتمل لداخ

اس بارے میں اے پی نے اپنے ایک تفصیلی مراسلے میں لکھا ہے کہ ریاست جموں کشمیر کے شمال مشرق میں واقع لداخ کا علاقہ مزید دو حصوں میں منقسم ہے۔ ان میں سے ایک لہہ کہلاتا ہے اور دوسرا کارگل۔ ضلع لہہ کی آبادی میں بدھ مت کے پیروکاروں کی اکثریت ہے جبکہ کارگل کی زیادہ تر آبادی مسلمان ہے۔ لداخ جموں کشمیر کا وہی علاقہ ہے، جہاں ماضی میں بھارتی اور چینی دستوں کے مابین وقفے وقفے سے سرحدی جھڑپیں بھی ہوتی رہی ہیں۔

اس علاقے میں نئی کشیدگی کا سبب نئی دہلی کے پانچ اگست کے فیصلے کے ساتھ کیا جانے والا وہ اعلان بھی ہے، جس پر مودی حکومت کے پروگرام کے مطابق 31 اکتوبر کو عمل درآمد ہو جائے گا۔

تب لداخ کا یہ علاقہ جموں کشیر سے کاٹ کر عملاﹰ علیحدہ کر دیا جائے گا اور ایک یونین علاقے کے طور پر براہ راست نئی دہلی کے انتظام میں آ جائے گا۔

مسلم اور بودھ آبادیوں کے مابین کھچاؤ

اس پیش رفت کے باعث لداخ میں نئی کشیدگی کا سبب اس خطے کی بودھ او مسلمان آبادی میں پائے جانے والے خدشات بھی ہیں۔

لداخ میں مسلمانوں اور بدھ مت کے پیروکاروں کے مابین ثقافتی اور سیاسی اختلافات تو ہمیشہ ہی سے تھے لیکن یہ تناؤ تشدد کی وجہ نہیں بنا تھا۔

اب لیکن لہہ اور کارگل کی ایک دوسرے سے مختلف ان اکثریتی آبادیوں کو یہ خوف بھی لاحق ہو چکا ہے کہ یکم نومبر کا دن ان کے لیے کون کون سی عملی تبدیلیاں اور ان دیکھے حقائق اپنے ساتھ لائے گا۔

لداخ سے متعلق نئی دہلی حکومت کے پانچ اگست کے اعلان پر اس خطے کی بودھ آبادی نے خوشی کا اظہار کیا تھا کیونکہ اس کا روایتی طور پر یہ دعویٰ رہا ہے کہ اس خطے میں زیادہ تر ملازمتیں اور مالی وسائل مسلم آبادی کے حصے میں ہی آتے ہیں۔ پھر لداخ کے ان بودھ باشندوں کے لیے یہ بات بھی تشویش کا باعث بن گئی کہ ان کے اکثریتی علاقے لہہ کی منفرد ثقافتی اور سماجی حیثیت بھی اس وقت خطرے میں پڑ جائے گی، جب عام بھارتی شہری، جن کی بہت بڑی اکثریت ہندو ہے، لہہ میں املاک خریدنے اور وہاں رہائش اختیار کرنے کے حقدار ہو جائیں گے۔

Indisch-Chinesischer Grenzkrieg 1962
اسی علاقے سے متعلق تنازعے کے باعث 1962ء میں بھارت اور چین کے مابین ایک سرحدی جنگ بھی ہوئی تھیتصویر: Getty Images

سیاچن گلیشیئر، دنیا کا بلند ترین میدان جنگ

لداخ کے اس علاقے کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ سیاچن گلیشیئر کا مشہور اور اسٹریٹیجک حوالے سے انتہائی اہم علاقہ بھی اس خطے میں ہے، جسے عسکری ماہرین 'دنیا کا بلند ترین میدان جنگ‘ بھی کہتے ہیں۔

اس گلیشیئر اور اس سے ملحقہ علاقے میں بھارت اور اس کے حریف ہمسایہ ملک پاکستان نے ہزاروں کی تعداد میں اپنے فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔

دنیا کا یہ بلند ترین میدان جنگ سطح سمندر سے 6,700  میٹر یا 22,000  فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور نئی دہلی اور اسلام آباد میں ملکی حکومتوں کے لیے یہ بات بھی اہم ہے کہ سیاچن گلیشیئر کے علاقے میں ان ممالک کے جتنے بھی فوجی ہلاک ہوئے ہیں، ان میں انتہائی شدید نوعیت کے موسمی حالات کے باعث ہونے والی ہلاکتیں مسلح فوجی جھڑپوں میں ہونے والے جانی نقصانات سے زیادہ تھیں۔

م م / ع ا (اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں