1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل کی امریکی یونیورسٹی پر حملے میں دس افراد ہلاک

بینش جاوید25 اگست 2016

افغان دارالحکومت کابل کی امریکی یونیورسٹی پر شدت پسندوں کی جانب سے کئی گھنٹے تک جاری رہنے والا حملہ آج جمعرات پچیس اگست کی صبح ختم ہوا، جس میں دس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/1JpK5
Afghanistan Angriff auf amerikanische Universität in Kabul Afghanische Polizei
یونیورسٹی پر حملہ کرنے والے دہشت گرد دستی بموں اور خودکار ہتھیاروں سے مسلح تھےتصویر: Getty Images/AFP/W. Kohsar

ان ہلاک شدگان میں سات طلبا اور دو پولیس اہلکاروں کے علاوہ ایک سکیورٹی گارڈ بھی شامل ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا، ’’اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔‘‘ دوسری طرف افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی اس حملے میں طالبان کے ممکنہ کردار کے بارے میں کوئی واضح موقف اختیار نہیں کیا۔

کابل میں ملکی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا، ’’زیادہ تر افراد اپنے کلاس رومز کے قریب اور کھڑکیوں سے کی جانے والی فائرنگ کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ اس حملے میں سات پولیس اہلکاروں سمیت 37 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔‘‘

Afghanistan Angriff auf amerikanische Universität in Kabul
زیادہ تر افراد اپنے کلاس رومز کے قریب اور کھڑکیوں سے کی جانے والی فائرنگ کی وجہ سے ہلاک ہوئےتصویر: Reuters/M. Ismail

اس امریکی یونیورسٹی پر حملے کا آغاز گزشتہ شب سات بجے کے قریب ہوا تھا، جب ایک گاڑی میں سوار ایک خود کش حملہ آور نے یونیورسٹی کے گیٹ پر دھماکا کر کے دیواروں کو تباہ کر دیا۔ اس کے بعد دو دہشت گرد یونیورسٹی میں داخل ہوگئے۔ صدیقی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد دستی بموں اور خودکار ہتھیاروں سے مسلح تھے۔ یونیورسٹی پر یہ حملہ قریب نو گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران پولیس نے ان دونوں دہشت گردوں کو علی الصبح ساڑھے تین بجے کے قریب ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق اس دوران 150 کے قریب طلبا کو بحفاظت یونیورسٹی سے باہر ایک محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا تھا۔

کابل کی اس امریکی یونیورسٹی کا قیام سن 2006 میں عمل میں آیا تھا، جس کا مقصد افغان طالب علموں کو امریکی طرز پر لبرل آرٹس کی تعلیم کا موقع فراہم کرنا تھا۔ اس یونیورسٹی میں لگ بھگ ایک ہزار طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں۔

Afghanistan Angriff auf amerikanische Universität in Kabul
پولیس کے مطابق اس دوران 150 کے قریب طلبا کو بحفاظت یونیورسٹی سے باہر ایک محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا تھاتصویر: Reuters/M. Ismail

نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق اس کے ایک فوٹوگرافر مسعود حسینی اس حملے کے وقت پندرہ دیگر طلبا کے ہمراہ ایک کلاس روم میں موجود تھے، جب انہوں نے یونیورسٹی کے جنوبی حصے سے ایک دھماکے کی آواز سنی تھی۔ حسینی کے مطابق، ’’میں نے کھڑکی سے سادہ لباس میں ملبوس ایک شخص کو دیکھا، اس نے میری طرف گن کر کے فائرنگ کی۔ کھڑکی کے شیشیے ٹوٹنے سے میں زمین پر گر گیا تھا۔‘‘ حسینی کے بقول اس واقعے کے بعد طلبا نے دروازے کے آگے کرسیاں اور میزیں رکھ دیں اور زمین پر لیٹ کر خود کو چھپانے کی کوشش کی۔ ’’اس کلاس روم میں کم از کم دو دستی بم پھینگے گئے تھے، جن کے پھٹنے سے متعدد طلبا زخمی ہو گئے۔‘‘

حسینی کے مطابق بعد میں نو کے قریب طلبا وہان سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ حسینی نے اے پی کو بتایا، ’’جب ہم بھاگ رہے تھے، تو میں نے کچھ لوگوں کو زمین پر گرے دیکھا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ انہیں کمر پر گولیاں ماری گئی تھیں۔‘‘

امریکا نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’افغانستان کے مستقبل‘ پر حملہ قرار دیا ہے۔ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کے خلاف موقع پر کارروائی کے وقت افغان سکیورٹی افواج کے ساتھ ساتھ امریکی فوجی مشیر بھی وہاں موجود تھے۔