1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈیم فنڈ: جنرل باجوہ کے اصلی اور جنرل مشرف کے ’جعلی‘ عطیات

شمشیر حیدر
11 ستمبر 2018

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ڈيم کی تعمیر کے لیے چندہ دینے کی اپیل کے بعد سوشل میڈیا پر حقیقی اور جعلی عطیات کے پیغامات تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/34erP
Salma Damm Afghanistan
تصویر: DW/H. Sarfarazi

پاکستانی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے ملک میں ڈیموں کی تعمیر کے لیے چندہ جمع کرنے کی مہم کو اب ملکی وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف کی حمایت بھی حاصل ہو چکی ہے۔ چیف جسٹس نے یہ مہم رواں برس جولائی کے مہینے میں شروع کی تھی۔ گزشتہ ہفتے نو منتخب پاکستانی وزیر اعظم عمران خان بھی اس مہم کا حصہ بنے اور انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں سے درخواست کی کہ بیرون ملک مقیم ہر شہری کم از کم ایک ہزار ڈالر پاکستان بھیجے۔

پیر دس ستمبر کے روز ملک کی طاقتور فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیف جسٹس سے ملاقات کی۔ فوج کے سربراہ نے ڈيموں کی تعمیر کے لیے چیف جسٹس کی جانب سے چندہ جمع کرنے کی مہم کی تعریف بھی کی اور اس کے ساتھ انہوں نے فوج اور فوج کے ماتحت کام کرنے والے اداروں کی جانب سے جمع کردہ ایک ارب پاکستانی روپے سے زائد کی رقوم اس فنڈ میں جمع کرانے کا اعلان کیا۔

عمران خان کی اپیل کے بعد سے ٹوئٹر اور فیس بُک جیسی سماجی رابطوں کی مقبول ویب سائٹس پر متعدد ایسے پیغامات شیئر کیے جا رہے ہیں جن میں اس فنڈ کے لیے چندہ دینے کے بعد بینکوں کی رسیدیں دکھا کر دیگر ہم وطنوں کو بھی مہم کا حصہ بننے کی درخواست کی جا رہی ہے۔

جہاں کچھ حقیقی صارفین اپنی حقیقی رسیدیں شیئر کر رہے ہیں وہیں مشہور شخصیات کے نام پر بنے ہوئے جعلی اکاؤنٹس سے عطیات دیے جانے کی جعلی خبریں بھی گردش میں ہیں۔ ایسی شخصیات میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور فیس بُک کے بانی مائیک زکربرگ سے لے کر رونالڈو اور میسی جیسے کھلاڑیوں اور انجلینا جولی جیسے فنکاروں کے ناموں سے منسوب جعلی اکاؤنٹس سے عطیات جمع کرائے جانے کے پیغامات شیئر کیے گئے۔

سوشل میڈیا پر ایسی فیک نیوز کو جہاں ہزاروں افراد درست سمجھ کر شیئر کرتے رہے، وہیں پاکستانی الیکٹرانک میڈیا بھی ایسی خبروں کو درست سمجھ کر خبریں شائع کرتا دکھائی دیا۔

اپوزیشن جماعتیں عطیات جمع کر کے ڈیم تعمیر کرنے کی حکومتی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی نے بانی پاکستان سے منسوب ایک خبر شیئر کی جس کے مطابق برصغیر کی تقسیم کے بعد مہاجرین کی مدد کے لیے محمد علی جناح نے بھی چندہ مہم شروع کی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے’فیک نیوز‘ شیئر کرنے پر معذرت بھی کی۔

ٹوئٹر صارف نائلہ عنایت نے بھی اس خبر کو شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سے مطالبہ کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ایسی ’فیک نیوز‘ کے تدارک کے لیے بھی اقدامات کریں۔