1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی صدر کا دورہٴ یورپ مکمل

8 نومبر 2010

دنیا کی دوسری بڑی اقتصادی قوت چین کے صدر ہو جن تاؤ نے یورپی ملکوں فرانس اور پرتگال کا چار روزہ سرکاری دورہ گزشتہ روز مکمل کرنے لیا۔ ان دوروں میں کئی اہم سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے۔

https://p.dw.com/p/Q19Q
چینی صدر ہو جن تاؤ: فائل فوٹوتصویر: AP

اقتصادی مسائل کا سامنا کرنے والے یورپی ملک پرتگال کو چینی صدر کے دورے سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں۔ مبصرین کے خیال میں یہ امیدیں ضائع ہو گئی ہیں۔ لزبن حکومت کو غالباً یہ امید تھی کہ ہو جن تاؤ کی جانب سے پرتگال کی بیمار معیشت کے لئے کسی خصوصی پیکج کا اعلان ہو سکتا ہے۔ اس پیکج میں یہ اندازے لگائے گئے تھے کہ چین کی جانب سے پرتگال کے قرضوں کو خریدنے کا بھی کوئی معاہدہ طے پا سکتا ہے۔ تاہم اس مناسبت سے کوئی بیان یا پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ اکتوبر میں چینی وزیر اعظم نے یونان حکومت کے قرضوں میں راحت دینے کے حوالے سے ایتھنز حکومت کے جاری کردہ خصوصی بانڈ خریدنے کی پیشکش کی تھی۔ ایسے ہی اعلان کی توقع لزبن حکومت کو چینی صدر سے بھی تھی۔

چینی صدر نے پرتگال کے وزیر اعظم یوزے سوکراٹیس کے ساتھ بات چیت کے عمل کے بعد دو طرفہ امور کے بعض معاہدوں کو حتمی شکل بھی دی۔ چینی صدر نے پرتگیزی وزیر اعظم کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی شرکت کی۔ اس میں انہوں نے واضح کیا کہ بیجنگ حکومت اپنے تجارتی پارٹنر پرتگال کے ساتھ تجارت کو سن 2015 تک دوگنا کر دے گی۔

چینی صدر کی موجودگی میں پرتگال کے دو بڑے سرمایہ کار اداروں Millennium BCP اور BPI نے چین کے بڑے سرکاری بینک آف چائنا اور کمرشل بینک آف چائنا کے ساتھ صنعتی اور تجارتی ڈیل پر دستخط کئے۔ چین نے Millennium BCP کے حصص کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اس سرمایہ کار ادارے کی افریقی ملک انگولا میں موجودگی بہت زیادہ ہے۔

Ministerpräsident Jose Socrates
پرتگال کے وزیر اعظم ے سوکراٹیس: فائل فوٹوتصویر: Picture-alliance/dpa

چینی صدر نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ان کا ملک پرتگیزی زبان کی مہارت اور معلومات کے ذریعے لوسوفون مارکیٹوں کے ممالک میں پہنچنا چاہتا ہے۔ ان ملکوں میں خاص طور پر انگولا اور برازیل شامل ہیں۔ لوسوفون مارکیٹوں سے مراد وہ ملک ہیں، جہاں پرتگیزی زبان بولی جاتی ہے۔

چین کے توانائی کے بڑے ادارے چائنا پاور انٹرنیشنل کی جانب سے متبادل توانائی کے حصول کی ماہر پرتگیزی کمپنی EDP سے بھی ڈیل کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ اس ڈیل کے بعد توانائی کا چینی ادارہ پرتگیزی کمپنی کے حصص بھی حاصل کر لے گا۔

پرتگیزی میڈیا کی جانب سے ایسے اندازے بھی سامنے آئے ہیں کہ چین، جنوبی پرتگال کے صنعتی شہر سینش (Sines) میں ایک کثیر المقاصد بندر گاہ کی تعمیر میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔ سینش پندرہویں صدی کے مشہور سیاح واسکو ڈی گاما کا آبائی شہر بھی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں