1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی جوڑے کا قتل، داعش کے دعوے کی تحقیقات جاری

بینش جاوید AP
9 جون 2017

چینی اور پاکستانی حکام کے مطابق وہ کوئٹہ سے اغوا ہونے والے چینی جوڑے کو قتل کر دیے جانے کے دعوے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ شدت پسند تنثیم داعش نے دعویٰ کیا ہے کہ اغوا ہونے والے چینی شہریوں کو قتل کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2eNu7
Pakistan Zwei chinesische Sprachlehrer in Quetta entführt
تصویر: Reuters/N. Ahmed

نیوز ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چنیوئنگ کا کہنا ہے کہ چینی حکومت اغوا ہونے والے چینی جوڑے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے پاکستانی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اسلام آباد میں دو سکیورٹی افسران کا کہنا ہے کہ وہ داعش کے اس دعوے کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ چینی جوڑے کو قتل کر دیا گیا ہے۔ ان سکیورٹی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ابھی تک انہیں لاشیں نہیں ملی ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا،’’ہمیں پاکستان میں اغوا ہونے والے چینی شہریوں کے بارے میں رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔ ہم انہیں بازیاب کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

Pakistan Soldaten
24 مئی کو اغوا کاروں نے چینی جوڑے کی گاڑی کو روک کرنہیں اغوا کر لیا تھاتصویر: Picture alliance/Photoshot/Asad

پاکستانی فوج کے شعبہء تعلقات عامہ کے مطابق فوج نے بلوچستان میں کارروائی کر کے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے اڈے کو تباہ کر دیا اور اس تنظیم کے بارہ عسکریت پسندوں کو بھی ہلاک کر دیا ہے۔ پاکستانی فوج کے اس بیان کے بعد ہی داعش کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیاکہ انہوں نے کوئٹہ سے اغوا ہونے والے چینی جوڑے کو قتل کر دیا ہے۔

یہ چینی شہری ایک نجی ادارے میں چینی زبان کے اساتذہ تھے۔ اس سال 24 مئی کو اغوا کاروں نے جنہوں نے پولیس یونیفارم پہنا ہوا تھا، ان کی گاڑی کو روک کر اس چینی جوڑے کو اغوا کر لیا تھا۔ کئی ہزار چینی شہری کام کی غرض سے پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔ چین پاکستان کا اہم ترین اتحادی ملک ہے اور پاک چین اقتصادی منصوبے کے تحت یہ پاکستان میں کئی بجلی گھروں اور سٹرکوں کی تعمیر سمیت کئی دیگر منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔