چيرمين کے عہدے سے استعفی: ويسٹرويلے کا اعلان
4 اپریل 2011گيڈو ويسٹر ويلے 10 سال تک فری ڈيمو کريٹک پارٹی ايف ڈی پی کے چئرمين رہے۔ اب انہوں نے پارٹی کے اس سب سے بڑے عہدے سے استعفی دينے کا اعلان کر ديا ہے۔ پچھلے دنوں کے دوران ہر طرف سے ان پر دباؤ ميں بہت زيادہ اضافہ ہو گيا تھا۔ يہ دباؤ اتنا بڑھ چکا تھا کہ وہ پارٹی کی مجلس عاملہ کے اجلاس تک کا بھی انتظار نہيں کرسکتے تھے، جو آج ہو رہا ہے۔ وزير خارجہ ويسٹر ويلے کل شام برلن ميں اچانک صحافيوں کے سامنے نمودار ہوئے اور انہوں نے يہ کہا:
’’ميں 10 سال تک پارٹی کا چئرمين رہنے کے بعد مئی ميں ہونے والے پارٹی کے وفاقی اجلاس ميں دوبارہ چئرمين کے عہدے کا اميد وار نہيں بنوں گا۔ ميں آپ سے يہ کہہ سکتا ہوں کہ يہ فيصلہ ميرے لیے ايک طرف تو دشوار اور دوسری طرف آسان بھی ہے۔ دشوار اس لیے کہ 10 سال تک پارٹی چئرمين کے فرائض انجام دينے کے دوران آدمی دل سے اپنے کام سے جڑ جاتا ہے۔ آسان اس لیے کہ بہت سے جوان افراد ايف ڈی پی کی قيادت سنبھالنے کے لیے تيار کھڑے ہيں۔‘‘
وزير خارجہ ويسٹر ويلے کل اتوار کی صبح ہی اپنے ايشيا کے دورے سے واپس آئے تھے۔ جاپان اور چين ميں قيام کے دوران انہيں يہ خبريں مل رہی تھيں کہ ملک ميں ان کے پارٹی چئرمين کے عہدے سے مستعفی ہونے کے مطالبات زور پکڑتے جارہے ہیں۔ پارٹی ميں اُن کے انتہائی وفادار ساتھی بھی ان سے منہ موڑ رہے تھے ليکن پارٹی کے نوجوان سياستدان ان پر نکتہ چينی ميں پيش پيش تھے۔
ويسٹر ويلے پر خاصے عرصے سے دباؤ تھا ليکن ايک ہفتے قبل ملک کے دو صوبوں ميں انتخابات میں ايف ڈی پی کی زبردست شکست کے بعد اس دباؤ ميں نماياں اضافہ ہوگيا تھا۔
ويسٹر ويلے وزير خارجہ کے عہدے پر برقرار رہنا چاہتے ہيں اور اس کے لیے انہيں پارٹی ميں اپنے ناقدين تک کی حمايت بھی حاصل ہے، جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے پارٹی کے لیے بہت قيمتی خدمات انجام دی ہيں اور ايف ڈی پی کو ان کا مشکورہونا چاہيے۔ وہ ايک اچھے وزير خارجہ ہيں۔ تاہم انہوں نے آج کہا کہ اگر پارٹی کا اگلا چئرمين کابينہ کا رکن ہوگا تو وہ نائب چانسلر بھی ہوگا۔ ايف ڈی پی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ پارٹی کے چئرمين کے بارے ميں حتمی فيصلہ منگل پانچ اپريل کو کيا جائے گا۔
نئے چئرميں غالباً فلپ روئسلر ہوں گے۔ وہ ويت نام ميں پيدا ہوئے تھے اور ايک جرمن جوڑے نے انہيں جنگ کے ہاتھوں يتيم ہوجانے کے بعد گود لے ليا تھا۔
رپورٹ: شہاب احمد صدیقی
ادارت: امتیاز احمد