1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چور پولیس اکیڈمی کا طالب علم تھا

1 مئی 2018

وفاقی جرمن صوبے سیکسنی انہالٹ میں چوری کی ایک واردات کے دوران فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے چھت سے گر کر ہلاک ہو جانے والا چوبیس سالہ نوجوان مستقبل کا ایک پولیس اہلکار تھا، جو ایک پولیس اکیڈمی کا طالب علم تھا۔

https://p.dw.com/p/2wyEa
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Wolf

جرمنی کے مشرقی شہر ہالے سے منگل یکم مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق اسی شہر میں چوری کی ایک واردات کے وقت پکڑے جانے کے خوف سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔ اس کی موت کے کچھ ہی دیر بعد علاقے کے پولیس اہلکار ابتدائی چھان بین کے نتیجے میں یہ ثابت ہو جانے پر حیران رہ گئے کہ یہ نوجوان تو مستقبل میں انہی کا باوردی ساتھی اور قانون کا محافظ بننے والا تھا۔

جرمن پولیس اہلکاروں کو ’جنسی تربیتی کورس‘ میں شرکت کی دعوت

جرمنی میں جرائم کی شرح میں دس فیصد کمی، رپورٹ

پولیس کی طرف سے مہیا کردہ اور اس واقعے کی یکم  مئی کو ایک سے زائد جرمن اخبارات میں شائع ہونے والی تفصیلات کے مطابق اس 24 سالہ نوجوان نے ہالے شہر میں اتوار انتیس اپریل کو صبح سویرے ایک رہائشی بلڈنگ کے ایک فلیٹ میں گھس کر چوری کی کوشش کی۔

اس دوران اس فلیٹ کے مکینوں میں سے دو کی آنکھ کھل گئی جنہوں نے اسے پکڑنے کی کوشش کی۔ پکڑے جانے کے خوف سے یہ نوجوان فلیٹ سے باہر نکل کر راہداری سے بھاگتا ہوا اس عمارت کی چھت پر پہنچ گیا۔ وہا‌ں ابھی وہ یہ طے کر ہی نہیں پایا تھا کہ موقع سے فرار ہونے کے لیے اسے کیا کرنا چاہیے، کہ اس کا پاؤں پھسلا اور وہ 12 میٹر کی بلندی سے زمین پر آن گرا۔

گرل فرینڈ سے رشتہ کیسے توڑا جائے، جرمن پولیس کا مشورہ

جرمن جیلوں میں قید، 150 مسلم انتہا پسند حکام کے لیے مسئلہ

اس پر اس عمارت کے مکینوں نے فوری طور پر ایمبولینس بلائی، جس کے عملے نے مبینہ ملزم کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن اسی دوران یہ نوجوان، جو بے ہوش ہو چکا تھا، اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

ڈی پی اے کے مطابق لاش کی شناخت ہو جانے اور ابتدائی چھان بین سے پتہ چلا کہ یہ 24 سالہ نوجوان 2016ء سے شہر آشرزلیبن (Aschersleben) میں قائم پولیس ٹریننگ اسکول کا ایک طالب علم تھا اور اپنی پیشہ ورانہ تربیت کی تکمیل پر وہ ایک پولیس اہلکار ہوتا۔

م م / ع ا / ڈی پی اے