پیرس حملوں پر دنیا بھر میں اداسی
سڈنی سے لے کر سان فرانسِسکو تک، دنیا کے تقریبا سبھی بڑے شہر پیرس حملوں میں مارے جانے والوں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ ان شہروں کی تاریخی و یادگاری عمارتیں بھی فرانس کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی نظر آ رہی ہیں۔
جرمنی دکھ میں برابر کا شریک
جرمن دارالحکومت برلن میں واقع تاریخی مقام برانڈن بُرگ گیٹ بھی فرانس کے پرچم کے رنگوں میں تبدیل کر دیا گیا۔ جرمن عوام کے ساتھ ساتھ حکومت نے بھی فرانس کے ساتھ دلی ہمدردی اور انتہائی دکھ کا اظہار کیا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ برلن اور پیرس شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف لڑتا رہے گا۔
روشنی، زندگی کی نئی امید
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسِسکو کے سٹی ہال کی بلڈنگ نیلے، سفید اور سرخ رنگوں سے روشن کر دی گئی۔ یہی تین رنگ فرانس کے پرچم کا حصہ ہیں۔ پیرس حملوں کے بعد امریکی حکومت نے فرانس کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
’ آپ کے دلوں کے ساتھ ہمارے دل بھی شکستہ ہیں‘
آسٹریلوی شہر سڈنی میں قائم اوپرا ہاؤس کی تاریخی عمارت بھی پیرس حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے ساتھ اظہار تعزیت کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس عمارت پر بھی فرانسیسی پرچم کے تین رنگ بکھرے ہوئے ہیں، یعنی نیلا، سفید اور سرخ۔ آسٹریلوی وزیر اعظم نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’ہمارے دل ٹوٹ گئے ہیں لیکن ہمارے حوصلے کبھی پست نہیں ہوں گے‘۔
کینیڈا بھی مغموم
کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں واقع لینڈ مارک CN ٹاور بھی نیلے، سفید اور سرخ رنگوں سے روشن کر دیا گیا۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹِن ٹرُوڈو نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں ان کا ملک فرانس کے ساتھ ہے۔
’نفرت انگیز حملے‘
امریکی ریاست نیواڈا میں واقع روشنیوں کا شہر لاس ویگاس بھی اداس ہے۔ پیرس حملوں کے بعد’لاس ویگاس اسٹریپ‘ میں ’ہائی رولر‘ کی روشنیاں بھی نیلی، سفید اور سرخ رنگوں میں تبدیل کر دی گئیں۔ پیرس حملوں میں 129 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سربراہ بان کی مون نے اس بہیمانہ کارروائی کو نفرت انگیز حملوں سے تعبیر کیا ہے۔
چین کی طرف سے حمایت
شنگھائی کا ’اوریئنٹل پرل ٹی وی ٹاور‘ پر بھی ہفتے کی رات ایک گھنٹے کے لیے فرانس کا پرچم دکھائی دیا۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق پیرس حملوں پر چین کو ایک دھچکا پہنچا ہے۔ بیجنگ نے بھی فرانس کے ساتھ بھرپور اظہار یک جہتی کیا ہے۔
میکسیکو سٹی بھی فرانس کے ساتھ
میکسیکو سٹی نے بھی فرانس کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا ہے۔ وہاں واقع سیاحوں میں انتہائی مقبول Angel de la Independencia بھی نیلے، سفید اور سرخ رنگ کی روشنیوں کے لباس میں پیرس حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے ساتھ تعزیت کرتا رہا۔ ادھر پیرس میں ائیفل ٹاور سمیت دیگر تمام سیاحتی اور تفریحی مراکز کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے تعزیت
نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جان کِی نے پیرس حملوں میں ہلاک ہو جانے والوں کے لیے خصوصی تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ ان کی بیٹی پیرس میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ کا ’اسکائی ٹاور‘ بھی فرانسیسی پرچم کے رنگوں سے سجا دیا گیا۔
سکیورٹی میں اضافہ
میکسیکو سٹی کی سینیٹ بلڈنگ نے بھی فرانس کے ساتھ اظہار یک جہتی کے طور پر اپنی روشنیوں کا رنگ بدل لیا۔ اس بلڈنگ میں نیلا، سفید اور سرخ رنگ دکھائی دیا۔ فرانس نے کہا ہے کہ اس نے دنیا بھر میں اپنی سرکاری عمارتوں اور سفارتی مشنز کی سکیورٹی بڑھا دی ہے۔
تائیوان میں اداسی کی لہر
پیرس سے دس ہزار کلو میٹر دور تائیوانی دارالحکومت تائپی کی 101 نامی تاریخی بلڈنگ بھی نیلے، سفید اور سرخ رنگوں کی روشنیوں میں دکھائی دی۔ فرانسیسی طبی حکام کے مطابق پیرس حملوں میں تین سو سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 80 کی حالت نازک ہے۔
دکھ بانٹنا
امریکی شہر نیو یارک میں ’ون ورلڈ ٹریڈ سینٹر‘ بھی فرانسیسی پرچم کے مانند دکھائی دیا۔ یہ ٹاور اسی اسکائی اسکریپر کے مقام پر تعمیر کیا گیا، جو گیارہ ستمبر 2001ء کے دہشت گردانہ حملوں میں تباہ ہو گیا تھا۔ امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ پیرس حملوں میں کچھ امریکی شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔