1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست

22 جنوری 2018

نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے مات دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 105 رنزوں پر ہی ڈھیر ہو گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/2rGoI
Hassan Ali Cricket
تصویر: Getty Images/F.Nel

نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں پیر کے دن کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی نے جب بلے بازی کا آغاز کیا تو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کی طرح اس سیریز کے پہلے میچ میں بھی پاکستان کا ’ٹاپ آرڈر‘ فیل ہو گیا۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ’وائٹ واش‘ کر دیا

نيوزی لينڈ ميں ناقص کارکردگی کی وجوہات کيا ہيں؟

نیلسن ون ڈے میں بھی پاکستان کو شکست

اوپنرز فخر زمان تین اور عمر امین صفر پر پویلین لوٹ گئے جبکہ ون ڈاؤن محمد نواز سات اور حارث سہیل نو کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی لیکن دوسری طرف سے وکٹیں بدستور گرتی رہیں۔ بابر اعظم ہی نمایاں بلے باز رہے، جنہوں نے اکتالیس رنز بنائے۔

کپتان سرفراز احمد کی بلے بازی ایک مرتبہ پھر ناکام ہو گئی اور وہ نو رنز بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ ون ڈے میچوں میں اچھی بلے بازی کرنے والے شاداب خان اس میچ میں کھاتا کھولے بغیر ہی پہلی گیند پر ہی وکٹ کھو بیٹھے۔

آخر میں حسن علی نے پاکستان کو سہارا دیا اور تئیس رنز بنائے، یوں پاکستان ٹیم 105 کے مجموعی اسکور تک پہنچ چکی۔ پاکستان کے تمام کھلاڑی 20 ویں اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤتھی اور سیتھ رانس نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

Abu Dhabi ODI Cricket | Pakistan vs. Sri Lanka
تصویر: Getty Images/N. Balout

جب نیوزی لینڈ نے ایک آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ’ان فارم‘ اوپنر مارٹن گپٹل جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ تاہم کولن منرو نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کو یہ میچ جتوا دیا۔ اسی کارکردگی پر انہیں ’مین آف دی میچ‘ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

اس ’لو اسکورنگ‘ میچ میں پاکستان کی طرف سے رومان رئیس نے دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ پچیس جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیزیز میں نیوزی لینڈ نے مہمان ٹیم کو ’وائٹ واش‘ کر دیا تھا۔