پاک چین اقتصادی راہ داری پر تجارت کا باقاعدہ آغاز
1 نومبر 2016پاکستانی انگریزی اخبار ڈان کے مطابق ہنزہ کے گاؤں اورڈرائی پورٹ سست سے کنٹینرز کسٹم کلیئرنس کے بعد گوادر کی طرف روانہ کر دیے گئے ہیں۔ اس موقع پر ایک تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمان سمیت چینی حکام نے بھی شرکت کی تھی۔ اس موقع پر حفیظ الرحمان نے کہا،’’پاک چین اقتصدای راہ داری منصوبے سے خطے میں خوش حالی آئے گی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔‘‘
حفیظ الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا،’’ہر ہفتے چین کے ایک ہزار کنٹینرز گلگت بلتستان کی ہائی وے سے گزریں گے۔‘‘
حفیظ الرحمان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے اقتصادی راہ داری منصوبے کے تحت 72 ارب پاکستانی روپے کے منصوبوں کی منظوری دی ہے جس کے باعث گلت بلتستان میں جدید ٹیکنالوجی آئے گی۔ سست پورٹ پر کسٹم حکام نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ کہ کل 45 کنٹینرز گوادر کے لیے روانہ کر دیے گئے ہیں اور کلیئرنس کے بعد باقی کنٹینرز بھی روانہ کر دیے جائیں گے۔