1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں ترقی کے منصوبوں کے لیے ایک بلین ڈالر کی منظوری

Imtiaz Ahmad21 مارچ 2012

عالمی بینک نے پاکستان میں توانائی اور آب پاشی کے دو منصوبوں کے لیے ایک عشاریہ نو بلین ڈالر کے فنڈز مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عالمی بینک کے مطابق ان منصوبوں سے پاکستان میں غربت میں کمی ہوگی۔

https://p.dw.com/p/14OL2
تصویر: picture-alliance/dpa

عالمی بینک کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس کے ایگزیکٹو بورڈ نے منگل کو ان منصوبوں کی منظوری دی۔ عالمی بینک کے مطابق 840 ملین ڈالر تربیلا فور ہائیڈرو پروجیکٹ کی توسیع کے لیے مہیا کیے جائیں گے۔ پن بجلی کے اس پروجیکٹ کے تحت 1410 میگا واٹ مزید بجلی پیدا کی جا سکے گی اور اس سے پاکستان کی اقتصادی ترقی ممکن ہو گی۔ پاکستان کی بڑھتی ہوئی بجلی کی ضروریات کے برعکس یہاں بجلی کی شدید قلت ہے، جس کے باعث ملک میں ہزاروں فیکٹریاں اور گھریلو صنعتیں بند پڑی ہیں۔

خیال رہے کہ پن بجلی کی پیداوار کو بجلی حاصل کرنے کا سستہ ترین ذریعہ خیال کیا جاتا ہے۔

Symbolbild Weltbank Logo und Afrika Karte
پاکستان کو یہ قرض 25 سال کی مدت میں واپس کرنا ہوگا جب کہ اس پر 1.25 فیصد شرح سود رکھی گئی ہےتصویر: AP/DW

تربیلا ڈیم کی توسیع کے منصوبے کے تحت موسم گرما میں موجودہ انفراسٹرکچر کو ہی استعمال کرتے ہوئے بجلی کی ترسیل کو ممکن بنایا جائے گا۔ عالمی بینک کے پاکستان کے لیے کنٹری ڈائریکٹر Rachid Benmessaoud کا کہنا تھا، ’اس منصوبے کی خوبصورتی یہ ہے کہ نئے سرے سے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ تربیلا ڈیم کے موجودہ نظام کو ہی استعمال کرتے ہوئے مانگ اور فراہمی کے مابین فرق میں کمی لائے جائے گی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا، ’’ لاکھوں افراد اس منصوبے سے براہ راست فائدہ حاصل کریں گے۔ فیکٹریوں کے ساتھ ساتھ ہزاروں گھروں اور کسانوں کو فائدہ پہنچے گا، جنہیں اکثر بجلی کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘

پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان میں بلوچستان میں کوئلے کے ذخائر سے فائدہ اٹھانا، ایران اور ازبکستان سے گیس دارآمد کرنے جیسے اہم منصوبے بھی شامل ہیں۔

عالمی بینک کے مطابق 250 ملین ڈالر پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے نظام آب پاشی کو بہتر بنانے کے لیے خرچ کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کا مقصد زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا بھی ہے۔ بینک کے مطابق پاکستان میں کسانوں کے روائتی اور ’بیکار‘ نظام آب پاشی کے تحت پانی ضائع کر دیا جاتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت آب پاشی کے جدید طریقے متعارف کروائے جائیں گے۔ بینک کے مطابق پاکستان کو یہ قرض 25 سال کی مدت میں واپس کرنا ہوگا جب کہ اس پر 1.25 فیصد شرح سود رکھی گئی ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: شامل شمس