1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی ڈاکٹروں کی لمبی چھٹی پر پابندی

20 جنوری 2011

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں حکومت نے سرکاری ڈاکٹروں کے طویل رخصت پر بیرون ملک جانے پر پابندی لگا دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1000N
ڈاکٹروں کی تربیت پر غریب پاکستانی قوم خطیر سرمایہ خرچ کرتی ہےتصویر: picture-alliance/ dpa/dpaweb

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت پرسامنے آیا ہے، جب ڈاکٹروں کی کمی کے شکار پاکستان میں، صرف ایک سال کے دوران ، دو ہزار سے زائد ڈاکٹر پرکشش تنخواہوں پر بیرون ملک جا چکے ہیں اور چار سو کے قریب سرکاری ڈاکٹروں نے ملک سے باہر جانے کے لیے پنجاب حکومت کو درخواستیں دے رکھی ہیں۔

پنجاب حکومت میں محکمہ صحت کے پارلیمانی سیکریٹری ڈاکٹر سعید الہٰی نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ ایک ترقی پزیر ملک ہونے کے باوجود پاکستان میں میڈیکل کی تعلیم کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے اور پاکستانی ڈاکٹروں کی محنت اور مہارت کی وجہ سے دنیا بھر میں ان کی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے۔

Anschlag auf den Presse-Klub von Peschawar
دہشتگردانہ حملوں کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کا رش رہتا ہےتصویر: AP

ان کے مطابق آئر لینڈ ، سعودی عرب اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک پاکستانی ڈاکٹروں کو بھرتی کر رہے ہیں لیکن پنجاب حکومت سرکاری ڈاکٹروں کو لمبی چھٹی نہیں دے سکتی کیونکہ اس طرح صوبے میں ڈاکٹروں کی کمی کے باعث ایک بڑا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت سرکاری ڈاکٹروں کے لیے مراعات بڑھانے پر غور کر رہی ہے۔

ادھر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور کے سیکریٹری جنرل اظہار احمد چوہدری نے بتایا ہے کہ حکومت ڈاکٹروں کو مناسب ملازمتیں فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ کوئی ڈاکٹر اپنا وطن اور اپنےاہل خانہ کو چھوڑ کر باہر نہیں جانا چاہتا لیکن پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث ڈاکٹروں کو ملنے والی تنخواہوں میں ان کا گزارہ نہیں ہوتا۔ ان کے بقول جو ڈاکٹر پاکستان میں 35000 روپےماہانہ تنخواہ لے رہے ہیں، سعودی عرب انہی ڈاکٹروں کو ساڑھے تین لاکھ روپے ماہانہ پر بھرتی کر کے لے جارہا ہے۔

Selbstmordanschlag in Pakistan
سرکاری ہسپتالوں میں پہلے ہی ڈاکٹروں کی کمی ہےتصویر: AP

ان کا مزید کہنا ہے کہ اتنا پڑھنے کے بعد بیوروکریسی کے ہاتھوں ذلت بھی اب برداشت نہیں ہوتی، اگر ڈاکٹروں کو اپنےکیرئیر میں ترقی کے مواقع مل رہے ہیں تو ان سے فائدہ اٹھانا ان کا جائز حق ہے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹرسلمان کاظمی نے ڈوئچے ویلے کوبتایا کہ لاہور ہائی کورٹ کے جونیئر ملازم اور ایک عام ٹریفک وارڈن کی تنخواہ ڈاکٹرسے زیادہ ہے۔

پنجاب کے سیکریٹری صحت فواد حسن فواد کہتے ہیں کہ ڈاکٹروں کے بعض مسائل تو ہیں لیکن صورتحال عین اس طرح کی نہیں ہےجیسی بیان کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ڈاکٹروں کی تربیت پر غریب پاکستانی قوم خطیر سرمایہ خرچ کرتی ہے اور یہ ڈاکٹر پیسے کے لالچ میں اپنا ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے چھٹی نہ ملنے کے بعد ڈاکٹروں کی بڑی تعداد اب مستعفی ہو کر بیرون ملک جانے کی تیاریاں کر رہی ہے۔

رپورٹ: تنویر شہزاد، لاہور

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں