يورپی تجارتی ادارے: تحقيق اور ايجاد پر زيادہ خرچ
30 اگست 2012يورپی تجارتی اور صنعتی ادارے سمندر پار کی طاقت چين کا عالمی منڈيوں ميں مقابلہ کرنے کے ليے ريسرچ اور تکنيک پر اور زيادہ رقم صرف کر رہے ہيں۔
يورپ قرضوں اور مالی بحران کے بوجھ تلے دب کر رہ گیا ہے۔ جہاں يورپی يونين کی حکومتيں رياستی قرضوں کے شديد مسئلے کے حل کی تلاش ميں سرگردان ہيں وہاں کاروباری ادارے جن کی جدت پسندی اور محنت سے خاص طور پر جرمنی کی مالی حالت نسبتاً بہتر ہے، خود اپنے طور پر نئی راہيں تلاش کر رہے ہيں۔ وہ سياستدانوں کے اقدامات کا انتظار نہيں کر سکتے بلکہ انہيں خود ہی ايسے منصوبے بنانا ہيں کہ وہ يورو زون کے بحران کے باوجود سخت تر ہوتے ہوئے عالمی تجارتی مقابلے ميں اپنا وجود قائم رکھ سکيں۔ ان کا فيصلہ يہ ہے کہ وہ مالی بحران کے باوجود ريسرچ اور ايجاد پر زيادہ رقم صرف کريں گے۔
يورپی يونين نے ايک جائزے ميں يہ پتہ چلايا ہے کہ يورپ کے ممتاز صنعتی اور کاروباری ادارے اور کمپنياں 2014 ء تک اپنی سرمايہ کاری ميں سالانہ اوسطاً چار فيصد کا اضافہ کر رہے ہيں۔ شہر کولون کے آجروں سے قربت رکھنے والے اقتصادی انسٹيٹيوٹ کے اوليور کوپل نے کہا کہ يہ بات حوصلہ بڑھاتی ہے: ’’اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تجارتی ادارے اقتصادی طور پر مشکل حالات ميں بھی تحقيق اور ايجاد پر رقم صرف کر رہے ہيں۔‘‘
ليکن کوپل نے کہا کہ دوسری طرف مالی بحران ميں يہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ پچھلے دس برسوں کے دوران اٹلی، يونان اور اسپين جيسے ممالک کے ريسرچ پر رقوم ميں اضافہ نہ کرنے سے کيا حالات پيدا ہوئے ہيں: ’’ کيونکہ ريسرچ اقتصادی ترقی ميں نمو کی بنيادی محرک ہے، اس ليے يہ کوئی تعجب کی بات نہيں کہ ان ملکوں کی حالت اچھی نہيں ہے۔‘‘
ابھی کچھ ہی عرصہ قبل جدت طرازی اور نت نئی ايجادات کے ميدان ميں يورپ کو پيچھے رہ جانے کا خطرہ درپيش تھا۔ دو سال قبل اقتصادی ترقی اور تعاون کی تنظيم OECD نے انکشاف کيا تھا کہ يورپ امريکہ اور جاپان کے مقابلے ميں اور زيادہ پيچھے رہ گيا تھا۔ يہ فرق ابھی تک دور نہيں ہو سکا ہے۔ جدت طرازی، تحقيق اور سائنس کی يورپی کمشنر گيوگ ہيگان کوئين کا کہنا ہے کہ يورپ کے ليے سستانے کا وقت نہيں ہے۔ اگرچہ يورپ کئی شعبوں ميں آگے ہے اور وہ امريکا کے مقابلے ميں زيادہ سائنسی مضامين شائع کرتا ہے ليکن ان مضامين کے حوالے امريکی مضامين سے کم ديے جاتے ہيں۔ اس کا مطلب يہ ہے کہ بہترين اور اعلٰی ترين اثر رکھنے والی ريسرچ ميں يورپ پيچھے ہے اور چين اور دوسرے ابھرتے ہوئے ممالک نے مقابلے کو اور زيادہ سخت بنا ديا ہے۔
دوسری طرف يورپ کو عالمگيريت سے فائدہ پہنچ رہا ہے۔ نہ صرف يہ کہ چين يورپی مصنوعات کی فروخت کی بہت اہم منڈی ہے بلکہ فرموں کے مابين تحقيق اور ايجاد ميں تعاون ہے۔ بہت سی چينی فرموں نے يورپی فرموں ميں پيسہ لگايا ہے اور يہ فرميں چين سے بھی کاروبار کرتی ہيں۔
R.Bosen,sas/A.Noll,km