1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ومبلڈن میں 77 برس بعد برطانیہ کی فتح

ندیم گِل7 جولائی 2013

برطانیہ کے ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے ومبلڈن کا ٹائٹل جیت کر ایک تاریخ رقم کر دی ہے۔ برطانیہ کو گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے بعد اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں فتح ملی ہے۔ مرے نے عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ کو مات دی۔

https://p.dw.com/p/193Sc
تصویر: Glyn Kirk/AFPGetty Images

ومبلڈن میں مردوں کے فائنل کے لیے برطانیہ کے اینڈی مرے اور سربیا کے نوواک جوکووچ اتوار کو میدان میں اترے۔ مرے نے اس میچ میں جوکووچ کو چھ چار، سات پانچ، چھ چار سے شکست دی۔

اینڈی مرے کا یہ دوسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ ایسی کامیابی 2012ء میں یو ایس اوپن میں فتح کے ذریعے حاصل کی تھی۔

مرے 1936ء کے بعد یہ ٹورنامنٹ جیتنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی ہوں گے۔ وہ گزشتہ برس بھی ومبلڈن کے فائنل میں پہنچ گئے تھے۔ اس وقت وہ گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے میں اس ٹورنامنٹ میں مردوں کے فائنل تک رسائی پانے والے پہلے برطانوی کھلاڑی بن گئے تھے۔ اس وقت فائنل میں ان کا سامنا راجر فیڈرر سے ہوا تھا تاہم وہ یہ میچ جیتنے میں ناکام رہے۔

Wimbledon 2013 Finale Herren
نوواک جوکووچتصویر: Getty Images

اس سے قبل ومبلڈن کے فائنل تک رسائی پانے والے برطانوی کھلاڑی بنی آسٹن تھے، جنہیں یہ کامیابی 1938ء میں ملی تھی۔ برطانوی کھلاڑی اب تک اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز میں 11 مرتبہ شکست کا سامنا کر چکے ہیں۔

برطانیہ نے ومبلڈن کا ٹائٹل آخری مرتبہ 1936ء میں جیتا تھا۔ اس وقت برطانوی کھلاڑی فریڈ پیری فائنل میں فاتح رہے تھے۔

ومبلڈن میں خواتین کا فائنل ہفتے کو کھیلا گیا تھا جو فرانس کی ماریون بارٹولی نے جیت لیا تھا۔ انہوں نے جرمنی کی زیبینے لیزیکی کو شکست دی تھی۔ بارٹولی کے لیے یہ ومبلڈن کا پہلا ٹائٹل ہے۔

فرانسیسی کھلاڑی نے یہ مقابلہ چھ ایک، چھ چار سے جیت لیا۔ خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق لیزیکی اس مقابلے میں خاصی نروس دکھائی دی تھیں جس کا بارٹولی نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور بالآخر انہیں مات دے دی۔

اس جیت کے بعد بارٹولی کا کہنا تھا: ’’جب میں چھوٹی تھی تو میں نے اس لمحے کا خواب دیکھا تھا۔‘‘