’نیٹ فلِکس نے خودکشی کا سین ہٹا دیا‘
16 جولائی 2019کمپنی نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ طبی ماہرین کی جانب سے موصول ہونے والے ایک مشورے میں نیٹ فلِکس سے کہا گیا تھا کہ نوجوانوں میں مقبول اس ڈرامہ سیریز میں ایسے منظر کی موجودگی خودکشی کی حوصلہ افزائی کا باعث بن سکتی ہے۔
مارینا گلبہاری، شہرت کی بلندیوں سے گمنامی کی زندگی تک
ہارمونزکا دماغی صحت سے کیا تعلق ہے؟
ڈرامہ سیریز 'تھرٹین ریزنز وائے‘ یا کیوں کی تیرہ وجوہات کے پہلے سیزن کی آخری قسط میں ڈرامے کی اہم کردار ہانا کا نہانے والے ٹب میں اپنی کلائی کی شریان کاٹ کر خودکشی کر لینے کا سین تھا۔
نیٹ فلِکس کی جانب سے اس معاملے پر مزید تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم منگل 16 جولائی کو اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں اس کمپنی کا کہنا تھا کہ طب سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے مشورے کے تناظر میں نیٹ فلِکس نے اس ڈرامہ سیریز کے خالق برائن یورکی اور پروڈیوسرز کے ساتھ بات چیت کے بعد ہانا کی خودکشی کا منظر مٹا دینے کا فیصلہ کیا۔
یہ بات اہم ہے کہ اس ڈرامہ سیریز میں اس منظر پر متعدد طبقات کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔ ناقدین الزام عائد کر رہے ہیں کہ اس ڈرامہ سیریز میں خودکشی کو کسی 'اچھے اقدام‘ کی طرح دکھایا گیا ہے۔ تاہم نیٹ فلِکس کے اس اعلان کے بعد مختلف گروپس کی جانب سے اس پیش رفت کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
ایک حالیہ مطالعاتی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ امریکا میں نیٹ فلِکس پر نوجوانوں کے لیے مختلف ڈرامہ سیریز کے آغاز کے بعد سے نوجوانوں میں خودکشی کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔ امریکا کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی جانب سے بھی اس مطالعاتی رپورٹ سے اتفاق کرتے ہوئے کہا گیا کہ دس سے سترہ برس کی عمر کے بچوں میں اپریل 2017 سے خودکشی کے رجحان میں اضافہ ہوا۔
ع ت، الف الف (روئٹرز، اے پی)