1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’نوجوان مادہ پرستی کے چُنگل سے نکلیں‘‘ پوپ فرانسس

شادی خان سیف26 جولائی 2013

برازیل کی ساحلی پٹی کوپا کوبانا پر کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس ورلڈ یوتھ ڈے کے موقع پر قریب پندرہ لاکھ عقیدت مندوں سے خطاب میں ان پر زور دیا کہ وہ مادہ پرستی کے چُنگل سے نکلیں۔

https://p.dw.com/p/19ET5
تصویر: REUTERS

 ’کوپا کوبانا‘ میں مسیحی نوجوانوں کی ورلڈ یوتھ ڈے کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے مسیحی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ یسوع مسیح کو اپنی زندگی کا محور بنائیں۔ برازیل کی اس قدرے خوشحال ساحلی پٹی تک بذریعہ ہیلی کاپٹر آمد سے قبل پوپ فرانسس نے ریو ڈی جنیرو شہر کی خستہ حال کچی آبادیوں کا دورہ کرکے وہاں بسنے والے غرباء کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے پوپ فرانسس نے ریو کے غرباء کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہتر زندگی کی تلاش میں ہمت نہ ہاریں۔ اپنے دورہء برازیل کے چوتھے روز انہیں اس پرہجوم شہر کا یہ دوسرا رُخ دیکھنے کو ملا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اپنے سکیورٹی عملے کے مشورے کے برعکس پوپ فرانسس ایک کھلی چھت والی گاڑی میں ریو کی شمالی کچی آبادی گئے، جہاں وہ گلیوں میں گھومے، مجمعے کے شرکاء سے ہاتھ ملاتے رہے اور بچوں کو پیار کرتے رہے۔

Papst Franziskus in Brasilien 25.07
تصویر: picture-alliance/dpa

ورلڈ یوتھ ڈے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا،’’پیارے نوجوان ساتھیو! آپ لوگوں کے اندر ناانصافی سے متعلق ایک خاص حساسیت موجود ہے تاہم آپ کو اکثر ایسے لوگوں کی بدعنوانیوں سے متعلق حقیقتیں نا امید کردیتی ہیں جو بھلائی کے مقابلے میں اپنے ذاتی مفاد کو آگے رکھتے ہیں۔‘‘  انہوں نے مجمع کے شرکاء اور دنیا بھر کے دیگر لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حوصلہ رکھیں، بھروسہ رکھیں اور امید نہ کھوئیں۔ ’’حالات اور لوگ بدل سکتے ہیں۔‘‘

منگل کو ریو کے آرچ بشپ کی جانب سے منعقد کی گئی مذہبی دعائیہ تقریب کے موقع پر شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا تھا کیونکہ اس وقت قریب پچاس لاکھ لوگ اس میں شرکت کے لیے سڑکوں پر موجود تھے۔ ورلڈ یوتھ ڈے کے تناظر میں ریو کے میئر ایڈورڈو پایس نے کہا کہ آئندہ اس طرح کے واقعات کو رونما ہونے سے بچانے کی تیاری کر لی گئی ہے۔

برازیل کو گزشتہ ماہ احتجاجی مظاہروں نے لپیٹ میں لے رکھا تھا جب دس لاکھ سے زائد لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر بدعنوانی، عوامی خدمات کی بُری صورتحال اور فٹ بال عالمی کپ 2014ء کی میزبانی پر اٹھنے والی لاگت کے خلاف مظاہرے کیے تھے۔

خوشحال معاشرے کا راز کیا؟

پوپ فرانسس نے وارگھنا نانی کچی آبادی میں منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کے سابقہ آپریشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اپنے خطاب می‍ں کہا کہ سکیورٹی اقدامات غربت کے خاتمے کا علاج نہیں۔ انہوں نے معاشرے میں انصاف کی ضرورت  کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی معاشرہ جہاں افراد کو الگ تھلگ کر دیا جائے، خوشحال نہیں رہ سکتا۔

Polizei Einsatz in Rocinha bei Rio de Janeiro neu
تصویر: dapd

ریو کی کچی بستیوں کے رہائشی اپنے درمیان کیتھولک مسیحیوں کی سب سے معتبر مذہبی شخصیت کو دیکھ کر انتہائی خوش دکھائی دے رہے تھے۔ پوپ کو خوش آمدید کہنے کے لیے بڑے بڑے بینر سجائے گئے تھے۔ پوپ وہاں کچھ لوگوں کے گھر کے اندر جاکر بھی لوگوں سے ملے۔ ایک موقع پر انہوں نے کہا، ’’میں تو چاہتا کہ ہر ایک کے در پر دستک دوں، صبح بخیر کہوں، ایک گلاس پانی مانگوں، کافی پیوں، مگر کاچاچا نہیں۔‘‘ واضح رہے کہ کاچاچا ریو کا ایک مشہور الکحل مشروب ہے۔