1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میلبورن ٹی ٹوئنٹی میچ کے لئے شعیب ملک کپتان

1 فروری 2010

پاکستانی آل راوٴنڈر شاہد آفریدی پر بال ٹیمپرنگ کے الزام میں ٹی ٹوئنٹی کے دو میچوں کی پابندی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب ملک کو اس فارمیٹ کے ایک میچ کے لئے کپتان مقرر کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/LocF
تصویر: AP
Cricketspieler Shahid Afridi
آل راوٴنڈر شاہد آفریدی پر بال ٹیمپرنگ کے الزام میں ٹی ٹوئنٹی کے دو میچوں کی پابندی عائد کی گئی ہےتصویر: AP

آسٹریلیا کے ہاتھوں تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ اور پانچ میچوں پر مبنی ون ڈے سیریز میں عبرتناک ’کلین سویپ‘ کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی کا ایک میچ پانچ فروری کو شہر میلبورن میں کھیلا جا رہا ہے۔ کرکٹ کے اس فارمیٹ میں شاہد آفریدی پاکستان کے کپتان ہیں تاہم ان پر حالیہ پابندی کے نتیجے میں بورڈ کو مجبوراً شعیب ملک کو کپتان مقرر کرنا پڑا۔

یونس خان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو خیر باد کہہ چکے ہیں جبکہ محمد یوسف اس فارمیٹ کے لئے ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام ہوئے۔

BdT Pakistan Cricket Younis Khan
یونس خان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو خیر باد کہہ چکے ہیںتصویر: AP

شعیب ملک اس سے پہلے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں پاکستانی ٹیم کے کپتان رہ چکے ہیں۔ دو ہزار سات کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی انتہائی ناقص کارکردگی کے بعد شعیب ملک کو انضمام الحق کی جگہ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔ انہوں نے تین ٹیسٹ اور 36 ایک روزہ میچوں میں اپنی ٹیم کی قیادت کی، جس کے بعد پاکستانی کرکٹ بورڈ ’پی سی بی‘ نے یونس خان کو نیا کیپٹن مقرر کیا۔ یونس نے ابوظہبی سیریز کے بعد کپتانی سے معذرت کی۔

شعیب ملک کرکٹ کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں انتہائی کامیاب کپتان ثابت ہوئے ہیں۔ اُن کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کو 14میں سے محض دو میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ملک کی کپتانی میں پاکستان دو ہزار سات میں ٹی ٹوئنٹی کے عالمی کپ کے فائنل تک پہنچا، جہاں اسے بھارتی ٹیم کے ہاتھوں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست ہوئی۔ اعداد و شمار سے ثابت ہوا ہے کہ کپتانی میں شعیب ملک کی بولنگ اور بیٹنگ اوسط قدرے بہتر رہی ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی