'مہاجرت پر عالمی معاہدے سے دستبرداری کا فیصلہ نا درست ہے‘
1 نومبر 2018اقوام متحدہ کی جانب سے اس رد عمل کا اظہار عالمی ادارے کے مہاجرت سے متعلق امور کے لیے نمائندہ خاتون لوئیس آربر نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کیا۔
منظم، محفوظ اور باضابطہ مہاجرت کے اس بین الاقوامی معاہدے کی منظوری رواں سال جولائی میں ایک سو ترانوے رکن ممالک نے دی تھی۔ امریکا نے گزشتہ برس ہی اس معاہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد جولائی میں ہنگری نے بھی معاہدے پر دستخط نہ کرنے کا اعلان کر دیا تھا جبکہ بدھ کے روز آسٹریا کے چانسلر سبستیان کرس نے بھی کہہ دیا ہے کہ اُن کا ملک بھی اس میں شمولیت اختیار نہیں کرے گا۔ رپورٹوں کے مطابق پولینڈ بھی مہاجرت کے اس عالمی معاہدے سے نکلنے کے بارے میں غور کر رہا ہے۔
آربر جو پہلے اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی سربراہ بھی رہ چکی ہیں،کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کا معاہدے سے اس طرح دستبردار ہونا افسوس ناک ہے کیونکہ اقوام متحدہ نے اس معاہدے پر پہنچنے کے لیے اتفاق رائے سے کام لیا تھا۔ آربر نے مزید کہا کہ آسٹریا جو کہ مذاکرات کا ایک اہم شراکت دار رہا ہے، اسے معاہدے کے متن پر اعتماد رکھتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کرنا چاہیے۔
آربر نے مزید کہا،’’ جس بات نے مجھے کچھ مایوس کیا وہ یہ ہے کہ معاہدے سے باہر نکلنے کے لیے ایسی بہت سی وجوہات دی گئیں جو یا تو غلط تھیں اور یا پھر اس مقصد کی درست عکاسی نہیں کرتیں جس کے متعلق یہ معاہدہ تشکیل دیا گیا تھا۔‘‘
آربر کا کہنا تھا کہ یہ میثاق کسی ملک کو پابند نہیں کرتا اور نہ ہی اس سے کسی بھی ریاست کی خود مختاری خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
دوسری جانب آسٹریائی حکومت کا موقف ہے کہ اس معاہدے پر دستخط کے بعد اُن کی ملکی حاکمیت اور سکیورٹی کو جہاں خطرات لاحق ہو سکتے ہیں وہیں ملک کی آزادی کو بعض رکاوٹوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کا مہاجرین سے متعلق معاہدہ عالمی سطح پر پائے جانے والے اس حساس معاملے کو حل کرنے کے لیے طے کیا گیا تھا۔
ص ح / ع ت / روئٹرز