1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موصل کی لڑائی میں داعش شہریوں کو ڈھال بنا سکتی ہے، امریکا

عابد حسین
19 اکتوبر 2016

امریکی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موصل کی لڑائی میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ عام شہریوں کو بطور ڈھال استعمال کر سکتی ہے۔ امریکی حکام نے جہادیوں کی جانب سے کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2RPp6
Irak Konflikte
تصویر: Getty Images/AFP/A. Al-Rubaye

امریکی وزارت دفاع کے ترجمان جیف ڈیوس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عراقی فوج جب موصل شہر میں داخل ہو کر اس شہر کا قبضہ چھڑانے کے لیے لڑائی شروع کرے گی تو عسکریت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ وہاں عام شہریوں کو بطور ڈھال استعمال کر سکتی ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان کے مطابق جہادی موصل کے شہریوں کو باہر جانے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش میں ہیں اور لوگوں کو اُن کی مرضی کے برعکس روکا جا رہا ہے۔

امریکا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موصل کے قریب پہنچنے پر عراقی فوج کو ممکنہ طور پر دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے تاہم امریکی حکام کے مطابق بظاہر اس گروہ کے پاس اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ کیمیائی ہتھیار تیار کر سکے۔

اس سلسلے میں امریکی دستے عراقی سر زمین پر بکھرے مختلف بموں کے ٹکڑے اکٹھا کرنے میں بھی مصروف ہیں تا کہ یہ پتہ چلایا جا سکے کہ آیا ان میں کسی کیمیکل ہتھیار کا کوئی شیل بھی شامل ہے۔ اسی مہینے کی پانچ تاریخ کو امریکی حکام کو ایسا ایک شیل ملا تھا جس کے ٹیسٹ کے بعد کہا گیا تھا کہ جہادیوں کے پاس سلفر مسٹرڈ کیمیکل موجود ہے۔

Irak Flüchtlinge in Erbil 13.08.2014
عراق کے بعض مقامات پر نئے خیموں کے نصب کرنے کا سلسلہ شروع ہےتصویر: picture-alliance/dpa

امریکی خدشات کے حوالے سے بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت کے عراقی دفتر کے سربراہ تھوماس وائس کا کہنا ہے کہ موصل کے شہری اس جنگ میں پِس کر رہ جائیں گے کیونکہ جہادی ان کو لڑائی کے دوران اپنی اگلی صفوں سے بھی آگے رکھ کر عراقی فوج کا سامنا کرنے کی کوشش کریں گے۔ تھوماس وائس نے بھی اندیشہ ظاہر کیا کہ موصل کی لڑائی میں جہادی کیمیکل ہتھیار استعمال کر سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ نے پہلے ہی یہ کہہ رکھا ہے کہ موصل کی بازیابی کی جنگ عراق میں مہاجرین کے ایک نئے داخلی بحران کا باعث بنے گی۔ کئی بین الاقوامی امدادی ادارے بھی نئی صورتحال سے نمنٹنے کے لیے ضروریات زندگی ذخیرہ کرنے میں مصروف ہیں۔

اقوام متحدہ نے نئے مہاجرین کی دیکھ بھال کے لیے دو سو ملین ڈالر تک کی اضافی لاگت کا اندازہ لگاتے ہوئے انٹرنیشنل ڈونرز سے امداد طلب کی ہے۔ نارویجین ریفیوجی کونسل نے چند روز قبل کہا تھا کہ اس وقت پہلے سے نصب شدہ خیموں میں پچاس ہزار سے زائد نئے مہاجرین کو آباد کیا جا سکتا ہے۔

امریکی صدر باراک اوباما نے ابھی کل منگل کے روز ہی کہا تھا کہ موصل سے بےگھر ہونے والے مہاجرین کی دیکھ بھال کے لیے بنیادی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔