1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معروف ہدایتکار رومن پولانسکی:زیورخ کے کلوٹن حراستی مرکز میں مقید

رپورٹ:عابد حسین ، ادارت : گوہر گیلانی29 ستمبر 2009

بین الاقوامی شہرت کے حامل ہدایت کار رومن پولانسکی کو ایک پرانے مقدمے میں جاری وارنٹ پر سوئٹزر لینڈ میں پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ وہ بتیس سالوں سے امریکہ کو ایک مقدمے میں مطلوب ہیں۔

https://p.dw.com/p/JqRW
ہدایتکاری پر پولانسکی :فائل فوٹوتصویر: dpa

سوئٹزر لینڈ میں پولیس حکام نے مشہورِ زمانہ ہدایتکار رومن پولانسکی کو حراست میں لے لیا ہے۔ اُن کی گرفتاری فلمی حلقوں میں حیرت کا باعث بن گئی ہے۔ فرانس اور پولینڈ نے پولانسکی کو روکنے پر سوئٹزرلینڈ حکام کی زبردست مذمت کی ہے۔

رومن پولانسکی کا شمار انتہائی باصلاحیت ہدایتکاروں کی صف میں ہوتا ہے۔ اُنہوں نے عالمی شہرت کی حامل بے شمار فلمیں ڈائریکٹ کی ہیں۔

پولش نژاد فرانسیسی ہدایتکار سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ میں جاری فلمی میلے میں شرکت کے بعد واپس روانہ ہونے والے تھے کہ حکام نے اُن کو حراست میں لے لیا۔ اب اُن کو امریکہ کی تحویل میں دیا جا سکتا ہے۔ اِس وقت پولانسکی زیورخ کے کلوٹن حراستی مرکز میں پابند ہیں مگر پولیس اُن کو کسی نامعلُوم مقام پر منتقل کرنے کو پلان کر رہی ہے۔

Roman Polanski und Sharon Stone in Cannes
پولانسکی مشہور امریکی اداکارہ شیرون سٹون کے ہاتھ کو چومتے ہوئے۔ فائل فوٹوتصویر: AP

پولانسکی کے خلاف امریکہ میں ایک کم عمر لڑکی کے ساتھ جنسی فعل کا مقدمہ التواء کا شکار ہے۔ اُن کی حراست سن اُنیس سو ستتر میں جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری کی روشنی میں عمل میں لائی گئی ہے۔ اِس دوران جس جج نے یہ وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے، وہ انتقال کرچکے ہیں۔ پولانسکی سن 1978ء میں اسی مقدمے کے باعث امریکہ سے بھاگ آئے تھے۔

پولانسکی پر الزام ہے کہ انہوں نے سن 1977 میں ہوائی شہر کی رہنے والی تیرہ سالہ لڑکی َسمانتھا گائمر کی آبرو ریزی کی۔ گائمر کی عمر اس وقت پینتالیس سال ہے۔ پولانسکی ریپ کے الزام کا اعتراف بھی کرچکے ہیں۔

پولانسکی کے وکلاء کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مؤکل کی حراست کے خلاف سوئٹزر لینڈ کی عدالت میں عرضی دیں گے اور اس کا چیلنج کریں گے۔ قوی امکانات ہیں کہ اُنہیں جلد ہی آزاد کردیا جائے گا۔

رومن پولانسکی پولینڈ کے ایک یہودی خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ اُن کی والدہ دوسری عالمی جنگ کے دوران اذیتی مرکز میں ہلاک کردی گئی تھیں۔ اس واقعے کے بعد پولانسکی ہجرت کر کے فرانس میں آباد ہو گئے تھے۔ وہ مقتول اداکارہ شیرون ٹیٹ کے شوہر بھی رہ چکے ہیں۔ سن اُنیس سو نواسی سے وہ فرانسیسی ماڈل اور اداکارہ ایمینولا زائگنر کے شوہر ہیں۔

Roman Polanski in Haft
رومن پولانسکی کو زیورخ کی کلوٹن حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔تصویر: AP

سن دو ہزار تین میں چھہتر سالہ ہدایتکار کو ’دی پیانسٹ‘ نامی فلم پر بہترین ہدایتکار کا آسکر ایوارڈ دیا جا چکا ہے۔

وارنٹ گرفتاری کے باعث وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے امریکہ نہیں جا سکے تھے۔ اُن کی جگہ یہ ایوارڈ مشہور اداکار ہیرسن فورڈ نے وصول کیا تھا۔ وہ کئی اور معرکتہ الآراء فلموں کے خالق بھی ہیں۔ اُن کی فلموں کا بنیادی موضوع کا کینوس انتہائی وسیع ہے۔ ان موضوعات میں جنسی لاچارگی و بےچینی سے لے کر دوسری عالمی جنگ کے دوران اذیتی اور حراستی مراکز میں گزرنے والی زندگی اور اُس کے اثرات شامل ہیں۔ اِن فلموں میں ’چائنا ٹاؤن‘ (آسکر ایوارڈ کے لئے گیارہ نامزدگیاں)، روز میری بے بی، بِٹر مُون (Bitter Moon ) وغیرہ شامل ہیں۔ اُن کی ایک اور فلم ’ٹیس‘ کو بھی آسکر نامزدگی حاصل ہوئی تھی۔

سوئٹزر لینڈ کی وزیر انصاف Eveline Wildmer-Schlumpf کا کہنا ہے کہ پولانسکی کو امریکی درخواست پر تحویل میں لیا گیا ہے۔

فرانسیسی وزیرِ ثقافت Frederic Mitterrand نے پولانسکی کی حراست کی مذمت کی ہے۔ اُن کا مزید کہنا ہے کہ صدر نکولا سارکوزی بھی اِس معاملے پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ ہالی ووڈ کے فنکاروں نے بھی پولانسکی کی حراست پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی شہر لاس انجلیز کے سرکاری وکیل کی ترجمان پولانسکی کی عبوری حراست کے وارنٹ سوئٹزر لینڈ روانہ کرنے کی تصدیق کردی ہے۔