معروف کشمیری صحافی شجاعت بخاری کو قتل کر دیا گیا
14 جون 2018بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں آج جمعرات 14 جون کو ایک معروف صحافی شجاعت بخاری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ بھارتی حکام کے مطابق بخاری عسکریت پسندوں کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ ریاستی پولیس کے سربراہ ایس پی وید کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار نا معلوم مسلح افراد نے بخاری پر اُس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنے اخبار کے دفتر سے نکل کر واپس گھر کی جانب روانہ ہو رہے تھے۔ شجاعت بخاری رائزنگ اسٹار نامی اخبار کے ایڈیٹر تھے۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق فائرنگ کے بعد شجاعت بخاری کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔ ایس پی وید کے مطابق ان کی حفاظت پر مامور دو سکیورٹی گارڈز بھی فائرنگ کا نشانہ بنے اور ان میں سے ایک گارڈ بھی مارا گیا ہے۔
بھارتی زیر انتظام کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا، ’’شجاعت کے قتل سے دہشت گردی ایک نئی پستی تک پہنچ چکی ہے۔ اور وہ بھی عید کی شام۔‘‘ محبوبہ مفتی نے مزید لکھا، ’’امن کے قیام کی ہماری کوششوں کو نقصان پہنچانے میں مصروف قوتوں کے خلاف ہمیں متحد ہو جانا چاہیے۔‘‘
شجاعت بخاری ماضی میں ڈوئچے ویلے کے ساتھ بھی بطور نامہ نگار منسلک رہے ہیں۔ بھارتی اخبار دی ہندو کے ساتھ وابستہ رہنے والے بخاری بھارتی صحافتی برادری میں اہم مقام رکھتے تھے۔
بھارتی زیر انتظام کشمیر میں ایک طویل عرصے کے بعد کسی صحافی پر یہ پہلا حملہ ہے اور کشمیری میڈیا پروفیشنلز نے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔
ا ب ا / ش ح (ڈی پی اے)