مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف واٹر بورڈنگ کا استعمال، نئی بحث
21 اپریل 2009گزشتہ ہفتے امریکی صدر باراک اوباما نے وفاقی خفیہ ادارے سی آئی اے کے اُن خفیہ سرکاری دستاویزات کو عام کرنے کی اجازت دی تھی جس کے مطابق سابق امریکی صدر بش کی انتظامیہ نے دہشت گردوں سے دوران تفتیش واٹر بورڈنگ اور نیند سے محروم کرنے کے خطرناک طریقہ کار کی اجازت دے رکھی تھی۔ ان حقائق کے منظر عام عام پر آنےکے بعد امریکہ کے سیاسی حلقوں میں ایک ہلچل پیدا کر ہو گئی ہے۔
سابق نائب امریکی صدر ڈک چینی نے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے پرزور ڈالا ہے کہ وہ بش دور حکومت میں مشتبہ دہشت گردوں سے چھان بین کے طریقہ کار سے متعلق اُن تمام سرکاری دستاویزات کو عام کرے جن سے ثابت ہوتا ہے کہ ملزمان سے تفتیش کے لئے واٹر بورڈنگ ایک کامیاب طریقہ رہا تھا۔
اایک امریکی نشریاتی ادارے کو انٹر ویو دیتے ہوئے چینی نےکہا کہ مختلف رپورٹوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس طریقہ کار کے استعمال سے خاطر خواہ نتائج حاصل ہوئے۔ ڈک چینی نے CIA سے باضابطہ طور پر مطالبہ کیا کہ وہ ایسی معلومات کو بھی عام کرے۔
ڈک چینی کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا جب یہ بات عام ہوئی کہ جارج ڈبلیو بش کی انتظامیہ کے ایک وکیل نے مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف اس متنازعہ طریقہ کار کو جائز قرار دیا تھا۔
واٹر بورڈنگ ایذا رسانی کا ایک ایسا طریقہ ہے جس میں زیر تفتیش ملزم کویہ شدید ترین احساس دلایا جاتا ہے کہ وہ پانی میں ڈوب رہا ہے۔سی آئی اے کی یہ طرف سے ایسی سرکاری دستاویزات کے مبینہ طور پر جزوی شکل میں عام کئے جانے کے بعد واضح ہو گیا ہے کہ گیارہ سمتبر سن 2001 کو امریکہ پر دہشت گردانہ حملوں کے مبینہ ملزمان پر یہی طریقہ تفتیش استعمال کیا گیا تھا۔ ان دستاویزات کے مطابق دو اہم ترین مشتبہ دہشت گردوں خالد شیخ محمد اور ابو زبیدہ پر امریکی تفتیش کاروں نے یہ طریقہ صرف ایک ماہ کے دوران تقریبا 266 مرتبہ استعمال کیا تھا۔
تاہم صدر اوباما نے اب تفتیش کے اس انداز کو ممنوع قرار دے دیا ہے۔
صدر اوباما نے گذشتہ روز CIA کے صدر دفتر کے دورے کے دوران اس ادارے کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا : ’’گذشتہ چند ہفتوں سے جو کچھ ہو رہا ہے اس سے آ پ کے حوصلے پست نہیں ہونے چاہیئں۔ آپ اس بات کوتسلیم کرتے ہوئے حوصلہ نہ ہاریں کہ ہم سے شائد غلطیاں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسان اپنی غلطیوں سے سیکھتا ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ انسان اپنی غلطیاں تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھتا ہے۔‘‘
دوسری طرف سی آئی اے کے سابق سربراہ مائیکل ہیڈن نے اس طریقہ کار کے استعمال کا دفاع کیاہے۔ ہیڈن کے مطابق دشمنوں کے خلاف یہ ایک مؤثر طریقہ کار ہے۔
تاہم انسانی حقوق کی تنظیمیں اس طرح کی تفتیش کو اذیت رسانی سے تعبیر کرتی ہیں۔ صدر اوباما نے ابھی گذشتہ ہفتہ ہی امریکی محکمہ انصاف کی کئی خفیہ دستاویزات کے اجراء کی اجازت دی تھی۔ ان دستاویزات کے مطابق بش انتظامیہ نے
مشبہ دہشت گردوں سے تفتیش کے دوران واٹر بورڈنگ اور ملزمان کو مسلسل جگائے رکھنے کی اجازت دینے کے علاوہ یہ منصوبہ بھی پیش کیا تھا کہ ملزمان کو
مختلف زہریلے حشرات سے انتہائی حد تک ڈرایا بھی جاسکتا ہے۔