1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مزید پندرہ سو امریکی فوجی عراق جائیں گے، وائٹ ہاؤس

عاطف بلوچ8 نومبر 2014

امریکی صدر باراک اوباما نے عراق میں فعال اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں کے خلاف جاری آپریشن میں مقامی حکومت کی مدد کے لیے اضافی پندرہ سو امریکی فوجی روانہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1DjDV
تصویر: Lucas Jackson/AFP/Getty Images

خبر رساں ادارے روئٹرز نے وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کیے ایک بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ اضافی پندرہ سو امریکی فوجی عراق تعینات کیے جائیں گے۔ یوں اس شورش زدہ ملک میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد تقریباﹰ تین ہزار ہو جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ غیرجنگی مشن پر مشرق وسطیٰ کے اس ملک میں روانہ کیے جانے والے امریکی فوجی کسی براہ راست عسکری کارروائی میں حصہ نہیں لیں گے بلکہ یہ صرف مقامی فورسز کی تربیت اور مشاورت کا کام کریں گے۔

Symbolbild USA Irak Truppen
تصویر: picture-alliance/dpa/Armin Weigel

امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ وہاں مزید فوجی روانہ کرنے کا فیصلہ بغداد حکومت کی طرف سے درخواست کے بعد کیا گیا ہے۔ فوجی حکام کے مطابق عراق کے شمالی، مغربی اور جنوبی علاقوں میں مختلف تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے، جہاں عراقی فوج کی 9 بریگیڈز جبکہ کرد پیش مرگہ فورسز کی تین بریگیڈز کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

امریکی فوجی حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ کی بغاوت کو کچلنے کے لیے یہ فوجی عراقی فورسز کو مشاورت بھی فراہم کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے رابطہ کاری کے نئے سینٹرز بھی بنائے جائیں گے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ایرنسٹ نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا، ’’امریکی فوجی براہ راست لڑائی میں حصہ نہیں لیں گے لیکن وہ بہتر مقامات پر تعینات ہوں گے تاکہ لڑائی میں شریک عراقی فورسز کے ساتھ فوری تعاون کر سکیں۔‘‘

یاد رہے کہ فی الحال امریکی فوجیوں نے بغداد اور اربیل میں دو مرکزی رابطہ مراکز بنا رکھے ہیں، جہاں سے کرد اور عراقی فورسز کو فوری طور پر عسکری مشاورت فراہم کی جاتی ہے۔

اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں کی پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں صوبہ انبار میں تعینات عراقی فوج کی پانچ بریگیڈز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس علاقے پر قابض جنگجوؤں نے حکومتی اعداد و شمار کے مطابق چھ ہزار عراقی فوجیوں کو ہلاک بھی کر دیا ہے جبکہ طبی ذرائع نے یہ تعداد کہیں زیادہ بتائی ہے۔

دوسری طرف وائٹ ہاؤس کے مطابق عراق اور شام میں جاری امریکی افواج کی کارروائیوں کے اخراجات کے لیے کانگریس میں 5.6 بلین امریکی ڈالر کی رقم مختص کرنے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ جب امریکی صدر باراک اوباما نے عراق اور شام میں فوجی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا تو واضح کیا گیا تھا کہ کوئی امریکی فوجی کسی زمینی کارروائی میں ہرگز شریک نہیں ہوگا۔