قندیل بلوچ کے قتل پر کوئی پچھتاوا نہیں، بھائی
18 جولائی 2016قندیل بلوچ سوشل میڈیا پر اپنی ’بے باک‘ ویڈیوز شئیر کرنے کے باعث جانی جاتی تھیں۔ ٹوئٹر پر ان کے 43 ہزار اور فیس بک پر 7 لاکھ فالووَرز تھے۔
ہفتے کے روز وسیم عظیم نے اپنی بہن کو قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے وسیم عظیم کو حراست میں لے لیا ہے۔ قندیل بلوچ کے قتل نے پاکستان میں ایک مرتبہ پھر ’غیرت کے نام پر قتل‘ کیے جانے کے حوالے سے قانون میں ترمیم کرنے کی بحث چھیڑ دی ہے۔
حال ہی میں قندیل بلوچ کی مولوی عبدالقوی کے ساتھ سوشل میڈیا پر جاری تصاویر پاکستانی میڈیا پر زیر بحث رہیں۔
قندیل کے بھائی وسیم نے میڈیا کے سامنے بتایا کہ ان تصویر کے شائع ہونے کے بعد لوگ انہیں طعنے دیتے تھے اور یہ بات ان کے لیے قابل برداشت نہیں رہی تھی۔
وسیم عظیم کا کہنا تھا کہ اس نے ارادہ کر لیا تھا کہ یا تو وہ خودکشی کر لے گا یا قندیل کو قتل کر دے گا۔
قندیل کے والد نے ایک بیان میں کہا، ’’ قندیل میری بیٹی نہیں بلکہ بیٹا تھا۔ وہ نہ صرف ہماری مالی سرپرستی کر رہی تھی بلکہ اپنے بھائی جس نے اسے قتل کر دیا ہے اس کی بھی مالی مدد کرتی تھی۔‘‘
اس حوالے سے قندیل کے نشے کے عادی بھائی وسیم نے میڈیا کے سامنے بتایا، ’’پیسے سے زیادہ خاندان کی عزت اہم ہے۔‘‘ وسیم نے یہ بھی کہا کہ بے شک وہ نشہ کرتا ہے لیکن قندیل کو اںہوں نے ہوش و حواس میں قتل کیا۔
پاکستان کے تمام اہم اخبارات اور جریدوں میں قندیل بلوچ کے ’غیرت کے نام پر قتل‘ کیے جانے کے حوالے سے کئی مضامین اور اداریے شائع کیے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی اس موضوع پر بحث کی جاری ہے۔ پاکستان کے انگریزی اخبار ڈان کے ایک مضمون میں ہما یوسف نے لکھا ہے، ’’قندیل بلوچ کے قتل کے بعد مجھے توقع تھی کہ پاکستان کے وزیراعظم کوئی بیان دیں گے جیسا کہ انہوں نے غیرت کے نام پر قتل کیے جانے والی لڑکی زینت رفیق کی موت کے بعد دیا تھا۔‘‘
فیس بک صارف سعیدہ رباب نے لکھا، ’’ہم ایک منافقانہ معاشرے میں رہتے ہیں، قندیل بلوچ نے اپنی زندگی کا انتخاب خود کیا تھا، وہ سب کچھ تھی لیکن منافق نہیں تھی۔‘‘
فیس بک پر ہی فیض احمد نے لکھا، ’’کچھ بھی ہو کسی انسان کو کسی کی زندگی ختم کردینے کا کوئی حق نہیں۔‘‘
سوشل میڈیا پر کچھ افراد نے قندیل بلوچ کی موت کا ذمہ دار کچھ حد تک میڈیا کو بھی ٹہرایا ہے۔ ان کی رائے میں میڈیا نے ریٹینگ کی دوڑ میں قندیل بلوچ کے ماضی، اس کے اصل نام اور اس کے خاندان کے بارے میں خبریں شائع کیں جس نے اس کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا۔
جہاں اس جواں سال خاتون کے قتل کی بھر پور مذمت کی گئی تو وہیں پاکستان جیسے قدامت پسند معاشرے میں سوشل میڈیا پر قندیل کے بولڈ کردار کے باعث معاشرے کا ایک طبقہ اس کے قتل کو جائز قرار دیتا بھی دکھائی دیا۔
پاکستان میں ہر برس ایک ہزار سے زائد عورتوں کو ’غیرت کے نام پر قتل‘ کر دیا جاتا ہے۔ موجودہ قانون کے تحت ’غیرت کے نام پر قتل‘ کرنا جرم ہے تاہم قتل کیے جانے والے مرد یا عورت کے اہل خانہ موجودہ قانون کے تحت قاتل کو معاف کر دینے کا حق رکھتے ہیں۔