1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیس بک نے درجنوں روسی جعلی اکاؤنٹس بند کر دیے

22 اکتوبر 2019

فیس بک انتظامیہ نے کئی روسی جعلی اکاؤنٹس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت میں اٹھایا گیا جب اگلے برس کے امریکی صدارتی الیکشن کی انتخابی مہم زور پکڑتی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/3RgHN
Trump Russia Probe Social Media
تصویر: picture alliance/AP Photo

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے درجنوں جعلی روسی اکاؤنٹس بند کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ایسے نیٹ ورک کو بھی ختم کرنے فیصلہ کیا ہے جو امریکی ووٹرز کے لیے سیاسی پیغامات کی ترسیل چاہتا تھا۔ اس نیٹ ورک کا تعلق ایک روسی انٹرنیٹ ایجنسی کے ساتھ بتایا گیا ہے۔

اس نیٹ ورک کے تحت ایک ایسی فرضی تنظیم قائم تھی، جس کا مقصد سابقہ امریکی صدارتی الیکشن کے دوران تنازعاتی اور گڑ بڑ کی کیفیت پیدا کرنا تھا۔ فیس بک انتظامیہ نے اعتراف کیا ہے کہ اس فرضی تنظیم کے پلیٹ فارم سے سن 2016 کے صدارتی الیکشن کے دوران ایک سو چھبیس ملین امریکی شہریوں تک رسائی حاصل کی گئی تھی۔

گزشتہ مہینوں کے درمیان فیس بک کی انتظامیہ کو جعلی اکاؤنٹس کے تناظر میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ تنقید خاص طور پر روسی جعلی اکاؤنٹس کے تناظر میں تھی کہ جن کے ذریعے سن 2016 کے صدارتی انتخابات کے دوران غلط اطلاعات پھیلائی گئی تھیں۔

Facebook Logo
فیس بک انتظامیہ نے کئی روسی جعلی اکاؤنٹس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/C. Gateau

سن 2018 میں امریکی وزارت انصاف نے انٹرنیٹ ریسرچ ایجنسی پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نےجعلی افراد کے اکاؤنٹس کا استعمال کر کے سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلائیں اور اس طرح امریکی رائے عامہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تھی۔ وزارت انصاف نے اس ایجنسی پر یہ الزام بھی لگایا کہ ایسی کارروائیوں کے ذریعے امریکی معاشرے میں سیاسی اور سماجی معاملات پر عام لوگوں کو تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ منقسم آراء کا حامل بنانے کی کوشش بھی کی گئی تھی۔

اس تناظر میں سوشل میڈیا کا تجزیہ کرنے والے ادارے گرافیکا نے ایک رپورٹ پیر اکیس اکتوبر کو جاری کی ہے۔ اس رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ کم از کم پچاس اکاؤنٹس ایسے تھے جو انسٹا گرام پر سرگرم تھے اور ان میں سے نصف سن 2016 کے امریکی انتخابات میں فلوریڈا سے فرضی اور جعلی اطلاعات پھیلانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے۔

امریکی حکام پہلے ہی سن 2020 کے انتخابات میں مبینہ مداخلت کا انتباہ جاری کر چکے ہیں۔ اس انتباہ کی روشنی ہی میں فیس بک نے تازہ فیصلہ کیا ہے۔ فیس بک کے مطابق اُن میسجز پر لیبل لگائے جائیں گے جو کسی ایسے ملک سے جاری کیے گئے ہوں گے جہاں میڈیا ریاست کے مکمل کنٹرول میں ہے۔

ع ح ⁄ ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)