فٹ بال: میسی کے لیے بہترین یورپی فٹ بالر کا ایوارڈ
26 اگست 2011ہسپانوی فٹ بال کلب ایف سی بارسلونا کے اسٹار فٹ بالر لیو نیل میسی اس برس یورپ کے بہترین فٹ بالر قرار پائے ہیں۔ یورپی فٹ بال ایسوسی ایشن نے ’یو ای ایف اے بیسٹ پلیئر ان یورپ‘ کا پہلا ایوارڈ میسی کو دیا ہے۔ اسپورٹس سے تعلق رکھنے والے مؤقر صحافیوں کی ایک جیوری کی جانب سے میسی کو اڑتیس ووٹ ملے جبکہ دوسرے نمبر پر ہسپانوی کھلاڑی اور بارسلونا کلب میں میسی کے ساتھی چاوی کو گیارہ ووٹ ملے۔ پرتگال سے تعلق رکھنے والے کرسٹیانو رونالڈو، جو کہ ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کے لیے کھیلتے ہیں، کو محض تین ووٹ ملے۔
خیال رہے میسی کو گزشتہ برس دنیا کے بہترین فٹ بالر کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ وہ یہ ایوارڈ دو مرتبہ جیت چکے ہیں، اور غالب امکان یہی ہے کہ اس برس بھی ان کو اس ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
میسی نے گزشتہ سیزن میں بارسلونا کے لیے 53 گول کیے، جن میں سے بارہ گول انہوں نے چیمپئنز لیگ میں کیے۔ انہوں نے ایف سی بارسلونا کو ہسپانوی فٹ بال لیگ اور چیمپئنز لیگ جتوانے میں ایک کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ گزشتہ ہفتے ریئل میڈرڈ کے خلاف سپر کپ کے فائنل میں میسی نے دو گول کر کے بارسلونا کو فتح دلاوائی تھی۔ بارسلونا یوروپا کپ کے فاتح پورٹو کے خلاف سپر کپ کا میچ آج کھیلے گی۔
فٹ بال کے بہت سے ماہرین، صحافی، کوچ، سابق اور موجودہ فٹ بالرز لیونیل میسی کو برازیل سے تعلق رکھنے والے شہرہ آفاق کھلاڑی پیلے اور ارجنٹائن کے لیجنڈری میراڈونا کے بعد فٹ بال کی تاریخ کا بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہیں۔ اپنےعہد میں ان کے بہترین کھلاڑی ہونے پر کم و بیش اتفاق ہے۔
میسی نے ایوارڈ وصول کرتے وقت اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ان کے بغیر ممکن نہ تھا۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عاطف بلوچ