1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلم ’دی ایڈونچر آف ٹِن ٹِن‘ کی ویڈیو گیم بھی ریلیز

8 دسمبر 2011

فرنچ ویڈیو گیم پبلشر یا گیم ساز ادارے Ubisoft نے شمالی امریکہ میں ’دی ایڈونچر آف ٹِن ٹِن‘ نامی ویڈیو گیم ریلیز کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/13OtR
تصویر: 2011 Sony Pictures Releasing GmbH

ہالی ووڈ کے معروف ہدایتکار اسٹیون اشپیل برگ کی نئی پیشکش ’دی ایڈونچر آف ٹِن ٹِن‘ نے سنیما گھروں میں دھوم مچانا تو شروع کر ہی دی ہے لیکن اب ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ اس فلم کی مناسبت سے ایک ویڈیو گیم بھی تیار کر لی گئی ہے، جو تمام ویڈیو گیم کنسولز کے علاوہ کمپیوٹر پر بھی کھیلی جا سکے گی۔

فرنچ ویڈیو گیم پبلشر یا گیم ساز ادارے Ubisoft نے شمالی امریکہ میں ’دی ایڈونچر آف ٹِن ٹِن‘ نامی ویڈیو گیم ریلیز کر دی ہے۔ ابھی امریکہ میں اسٹیون اشپیلبرگ کی اینیمیٹڈ فلم ’دی ایڈونچر آف ٹِن ٹِن‘ ریلیز نہیں کی گئی ہے تاہم جلد ہی یہ فلم وہاں بھی سنیما گھروں میں پیش کر دی جائے گی۔ یہ فلم یورپ میں ریلیز ہو چکی ہے اور خوب داد حاصل کر رہی ہے۔

اس فلم کے کرداروں اور کہانی پر مبنی ویڈیو گیم میں ایڈونچر اور مہماتی پہلوؤں کو ملحوظ رکھا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی اس ویڈیو گیم میں اسے کھیلنے والا فلمی کہانی سے متعلق مختلف معمات کو بھی حل کرے گا۔

Die Abenteuer von Tim und Struppi
’دی ایڈونچر آف ٹِن ٹِن‘ فلم میں ٹِن ٹِن اپنے کتے سنوئی کے ساتھ ایک غرقاب خزانے کی تلاش کا سفر کرتا ہےتصویر: 2011 Sony Pictures Releasing GmbH

گیم ساز ادارے Ubisoft کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس گیم کو کھیلنے والا اس گیم کا حصہ بن جائے گا، جو نڈر ہیرو ہو گا اور مختلف مہمات کو حل کرتے ہوئے آگے بڑھے گا۔ بیان کے مطابق کھلاڑی کو اس گیم کے مختلف کردار حقیقی معلوم ہوں گے، جو اپنی نمایاں خصوصیات کے مالک ہوں گے۔ اس گیم کے دوران کھلاڑی کو مشکل وقت میں مدد بھی فراہم کی جائے گی۔

’دی ایڈونچر آف ٹِن ٹِن‘ فلم میں ٹِن ٹِن اپنے کتے سنوئی کے ساتھ ایک غرقاب خزانے کی تلاش کا سفر کرتا ہے۔ اس فلم میں بظاہر رپورٹر ٹِن ٹِن کی مہم مکمل نہیں ہوتی۔ اگلی دو سیریز میں سے ایک کو پیٹر جیکسن ڈائریکٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ تیسرے حصے کو جیکسن اور اشپیلبرگ کی مشترکہ ہدایتکاری میں مکمل کیا جائے گا۔

’دی ایڈونچر آف ٹِن ٹِن‘ سیریز کے لیے ہیرگے (Hergé) نے چوبیس حصے تخلیق کیے تھے۔ ریلیز ہونے والی فلم اس سیریز کے پہلے تین حصوں پر مشتمل ہے۔ اس فلم کے لیے خصوصی کمپیوٹر گرافکس پیٹر جیکسن کی کمپنی Weta Digital میں تیار کیے گئے۔ اسی کمپنی میں لارڈ آف دی رنگ سیریز کے گرافکس کو تخلیق کیا گیا تھا۔ کوشش کی گئی ہے کہ فلم میں کام کرنے والے افراد کے نقوش مصنف کے تخلیق کردہ کردار کے مطابق ہوں۔ ایڈونچر آف ٹِن ٹِن کا 80 زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ اس کو بیسویں صدی کا مقبول و معروف کامک ایڈونچر قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: حماد کیانی