1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلسطین میں داخلہ، اسرائیل نے اقوام متحدہ کے مندوب کو روک لیا

‍امتیاز احمد15 جون 2015

اسرائیل نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے مندوب کو فلسطینی حدود میں داخلے سے روک دیا ہے۔ یہ اقدام ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے، جب اقوام متحدہ گزشتہ برس کی غزہ جنگ کے بارے میں ایک رپورٹ شائع کرنے والی ہے۔

https://p.dw.com/p/1FhVS
UN-Menschenrechtsrat
تصویر: picture-alliance/dpa/Rainer Jensen

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایسا دوسری مرتبہ ہوا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے انسانی حقوق میکریم ویبسونو کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان عمانویل نحشون نے اے ایف پی کو بتایا، ’’ ہم نے اُس دورے کی اجازت نہیں دی، جو گزشتہ ہفتے ہونا تھا۔‘‘ وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا، ’’اسرائیل تمام بین الاقوامی کمیشنز اور اقوام متحدہ کے تمام نمائندوں کے ساتھ تعاون کرتا ہے لیکن یہ (تعاون) اس صورت میں بالکل نہیں کیا جائے گا، جب انہیں (اقوام متحدہ کے نمائندوں کو) دیا جانے والا مینڈیٹ اسرائیل مخالف ہو گا اور اسرائیل کے پاس یہ موقع بھی نہ ہو کہ وہ اسے سن سکے۔‘‘

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل ان دنوں غزہ جنگ سے متعلق اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسندوں کے بارے میں تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔ کونسل کے مطابق آئندہ چند دنوں میں غزہ جنگ سے متعلق رپورٹ شائع کی جائے گی جبکہ کونسل نے انتیس جون کو اس پر بحث کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔ گزشتہ برس کی غزہ جنگ میں تقریباﹰ بائیس سو فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔ دوسری جانب اسرائیلی کے 73 افراد مارے گئے تھے اور ان میں سے زیادہ تر فوجی تھے۔ قبل ازیں اقوام متحدہ نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کے متعدد اداروں پر بمباری کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔ ان اداروں میں وہ اسکول بھی شامل ہیں، جن میں سینکڑوں فلسطینی شہری پناہ لیے ہوئے تھے۔

تاہم خصوصی مندوب برائے انسانی حقوق میکریم ویبسونو غزہ جنگ کی رپورٹ سے علیحدہ اپنی سالانہ رپورٹ کی تیاری کے لیے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا دورہ کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے مغربی کنارے اور مشرقی یوروشلم بھی جانا تھا۔ انہوں نے گزشتہ برس بھی اسی طرح کے ایک دورے کے لیے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جانا تھا اور اس وقت بھی اسرائیل نے انہیں روک لیا تھا۔

اسرائیل کے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہیں۔ اس یہودی ریاست کے مطابق کونسل کے اقدامات اسرائیل مخالفانہ ہیں۔