1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلسطینی ہلاکتیں 1300 سے بڑھ گئیں

افسر اعوان30 جولائی 2014

اسرائیل کی طرف سے غزہ پٹی میں گزشتہ شب سے اب تک کیے جانے والے فضائی حملوں میں ہلاکتوں کی کم از کم تعداد 76 تک پہنچ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1CmSV
تصویر: picture-alliance/dpa

غزہ پٹی میں اسرائیلی بمباری کانشانہ بننے والوں میں وہ 16 فلسطینی بھی شامل ہیں جنہوں نے جبالیہ کے علاقے میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام چلنے والے ایک اسکول میں قائم مہاجر کیمپ میں پناہ لی ہوئی تھی۔ اے ایف پی کے مطابق اس اسکول پر دو شیل فائر کیے گئے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان کرس گُنیس کے مطابق، ’’کچھ بہت ہی خوفناک ہوا ہے۔‘‘ تاہم انہوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔ اقوام متحدہ کی مہاجرین سے متعلق ایجنسی نے اس اسکول پر بمباری کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 16 بتائی ہے تاہم مرنے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں فلسطینی ہلاکتوں کی کُل تعداد 1306 تک پہنچ گئی ہے
اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں فلسطینی ہلاکتوں کی کُل تعداد 1306 تک پہنچ گئی ہےتصویر: Mahmud Hams/AFP/Getty Images

فلسطینی ایمرجنسی سروسز کے ترجمان اشرف القدرہ کے مطابق گزشتہ شب خان یونس کے علاقے میں ایک گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں ایک بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک ہوئے۔

غزہ پٹی میں اسرائیلی بمباری کا تازہ ترین شکار ایک ہی خاندان کے سات دیگر افراد بھی بنے ہیں جن میں چار بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔ اشرف القدرہ کے مطابق غزہ سٹی کے شمال مشرقی حصے التفاح میں ایک گھر پر ایک اسرائیل شیل گرا جس کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں ہوئیں۔

ساحلی علاقے غزہ پٹی میں 1.7 ملین فلسطینی آباد ہیں۔ گزشتہ شب سے اب تک اس علاقے کے مختلف حصوں میں کی جانے والی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 28 دیگر افراد بھی ہلاک ہوئے۔ اسرائیل کی طرف سے آٹھ جولائی کو غزہ پٹی کے علاقے میں فضائی حملوں کا آغاز کیا گیا تھا جبکہ 17 جولائی کو اس علاقے میں زمینی کارروائی بھی شروع کر دی گئی تھی۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے اس سلسلے کو 23 دن ہو چکے ہیں اور اس دوران غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں فلسطینی ہلاکتوں کی کُل تعداد 1306 تک پہنچ گئی ہے۔ ان حملوں میں 7200 دیگر افراد زخمی بھی ہیں۔

گزشتہ شب خان یونس کے علاقے میں ایک بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک ہوئے
گزشتہ شب خان یونس کے علاقے میں ایک بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک ہوئےتصویر: picture alliance/dpa

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق ایجنسی OCHA کی طرف سے آج عالمی وقت کے مطابق دن 12 بجے جاری کیے جانے والے اعداد وشمار کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 1118 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے 827 سویلین ہیں۔ اس ایجنسی کے مطابق مرنے والوں میں بچوں کی تعداد 243 ہے۔ زخمیوں کی تعداد 6233 بتائی گئی ہے جن میں سے 1949 بچے ہیں۔

اقوام متحدہ کی اس ایجنسی کے مطابق اس لڑائی کے باعث 240000 فلسطینی اندرونی طور پر بے گھر ہوئے ہیں اور ان میں سے دو لاکھ نے اقوام اس ایجنسی کے تحت چلنے والے 85 حفاظتی مراکز میں پناہ حاصل کر رکھی ہے۔

دوسری طرف اسرائیلی فوجی ہلاکتوں کی تعداد 53 ہے جبکہ دو عام شہری اور تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والا ایک ورکر بھی غزہ سے داغے جانے والے راکٹوں کی زد میں آ کر ہلاک ہوئے۔