1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلسطینی اہداف پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری

13 جون 2006

اسرائیلی فلسطینی تنازعے میں پُر تشدد واقعات کی ایک نئی لہر دیکھنے میں آ رہی ہے۔ آج غزہ پٹی میں مبینہ دہشت گردوں کی ایک گاڑی پر اسرائیلی فضائیہ کے راکٹوں کے ایک حملے میں دو بچوں سمیت گیارہ افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں سے 9 عام شہری تھے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے اِس حملے کو اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اِس کی شدید مذمت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/DYL6
9 جون کے اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والی ایک فلسطینی بچی
9 جون کے اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والی ایک فلسطینی بچیتصویر: ap

اِسی دوران اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ گذشتہ جمعے کے روز غزہ پٹی میں ساحلِ سمندر پر سیر و تفریح کےلئے گئے ہوئے ایک ہی فلسطینی خاندان کے سات افراد کی ہلاکت کے بارے میں اسرائیلی فوج کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل ہو گئی ہے۔

آج کسی وقت اسرائیلی وزیرِ دفاع Amir Perez کو پیش کی جانےوالی اِس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جمعے کے روز سات فلسطینی کسی اسرائیلی حملے کے نتیجے میں نہیں بلکہ فلسطینی تنظیم حماس ہی کی جانب سے زمین میں چھپائی گئی ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلاک ہوئے۔ حماس نے اِن تحقیقاتی نتائج کو فوری طور پر مسترد کر دیا ہے۔

گذشتہ جمعے کے واقعے کے بعد انتہا پسند فلسطینی تنظیم حماس کے عسکری دھڑے نے اسرائیل کے ساتھ گذشتہ کوئی 16 ماہ سے چلی آ رہی فائر بندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیلی سرزمین پر راکٹ فائر کئے تھے۔