فرانسیسی صدر اولانڈ عراق پہنچ گئے
2 جنوری 2017فرانسیسی حکومت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر اولانڈ فرانسیسی دستوں سے ملاقات کے علاوہ عراقی حکام سے بھی ملیں گے۔ اولانڈ نے آج سب سے پہلے بغداد کے قریب واقع ایک فوجی چھاؤنی کا دورہ کیا، جہاں فرانسیسی دستے عراقی فوجیوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا: ’’عراق میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کا مقصد فرانس میں دہشت گردانہ حملوں کو روکنا بھی ہے۔‘‘ اولانڈ اس دوران عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی سے ملاقات کریں گے۔ العبادی شیعہ برادری کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس کے بعد اولانڈ صدر فواد معصوم سے ملیں گے، جو ایک کرد ہیں۔ فرانسیسی صدر کی ملاقات پارلیمان کے اسپیکر سلیم الجبوری سے بھی طے ہے، جو ملک کی سنّی اقلیت کی نمائندگی کرتے ہیں۔
اس دورے میں ملکی وزیر دفاع ژان ایو لادریاں بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ ژان ایو لادریاں عراق کے نیم خود مختار علاقے کردستان میں بھی ایک روز قیام کریں گے۔اولانڈ اس سے قبل 2014ء میں بھی عراق کا دورہ کر چکے ہیں۔ ڈھائی سال قبل امریکی قیادت میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف شروع کی جانے والی کارروائیوں کے بعد سے وہ عراق کا دورہ کرنے والے کسی بھی بڑے ملک کے پہلے سربراہ مملکت ہیں۔
فرانسیسی صدارتی دفتر کے ذرائع سے پتا چلا ہے،’’صدر فرانسوا اولانڈ اس دوران اس بات پر زور ڈالیں گے کہ داعش کی شکست کے بعد قیام امن اور ملکی استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کا جاری رہنا اور معاشرے کے مختلف گروہوں کے مابین بقائے باہمی ایک متحد عراق کے لیے کتنا ضروری ہے۔‘‘
امریکی قیادت میں قائم عسکری اتحاد میں تعاون کے اعتبار سے فرانس امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے اور عراق کے ساتھ ساتھ شام میں بھی داعش کے خلاف سرگرم ہے۔ فرانسیسی وزارت دفاع کے مطابق فرانسیسی جنگی طیاروں نے ستمبر 2014ء کے بعد سے عراق و شام میں پانچ ہزار سات سو سے زائد پروازیں کیں اور اس دوران ایک ہزار فضائی حملوں میں اس دہشت گرد تنظیم کے سترہ سو ٹھکانے تباہ کیے۔ اس کے علاوہ فرانس عسکری ساز و سامان کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عراقی دستوں کی تربیت اور مشاورت میں بھی پیش پیش ہے۔ فرانس کے چودہ رفائیل جنگی طیارے اردن اور متحدہ عرب امارت سے پروازیں کرتے ہیں۔