عراق میں ایک ہی روز میں14 بم دھماکے
30 ستمبر 2012عراق میں حکام نے بتایا ہے کہ اتوار کے روز ملک کے مختلف شہروں میں 14 بم دھماکوں اور اندھا دھند فائرنگ کے دو واقعات رونما ہوئے۔ پولیس اور طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ بیس افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 76 سے زائد زخمی ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس ماہ کے دوران میں مختلف دہشت گردانہ حملوں میں اب تک 242 افراد ہلاک اور 776 زخمی ہو چکے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں نے منصوبہ بندی کے ساتھ پولیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
دارالحکومت بغداد کے مرکز میں ایک کار بم حملے کے ذریعے علاقے کی پولیس کے نائب سربراہ کو نشانہ بنایا گیا۔ اگرچہ وہ خود اس حملے میں وہ محفوظ رہے تاہم دیگر دو افراد ہلاک ہو گئے اور قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ اس سے کچھ دیر بعد یہی علاقہ ایک مرتبہ پھر دھماکے سے گونج اٹھا۔ اس بم حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ اسی دوران مسلح حملہ آوروں نے جنوبی بغداد میں العامل نامی علاقے میں ایک پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ حکام نے بتایا کہ جیسے ہی پولیس کی ایک وین جائے وقوعہ پر پہنچی، اسے بھی کار بم کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ مغربی بغداد میں منصور کے علاقے میں ایک پولیس کرنل کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا۔
سب سے زیادہ خونریزی بغداد سے بیس کلومیٹر شمال کی جانب واقع شہر تاجی میں ہوئی۔ عراقی وزارت داخلہ کے مطابق اس شہر میں وقفے وقفے سے چار کار بم دھماکے ہوئے۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ بائیس زخمی ہو گئے۔ اسی طرح بعقوبہ میں پولیس کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔ شمالی بعقوبہ میں ہونے والے ایک اور بم دھماکے میں زخمی ہونے والے پانچ افراد میں پولیس کے بریگیڈیئر محمد التمیمی بھی شامل ہیں۔ موصل شہر میں گشت کرنے والی فوج کی ایک گاڑی کے قریب پہلے سے نصب ایک بم کے پھٹنے سے پندرہ افراد زخمی ہو گئے۔
اس ماہ کے دوران عراق میں تسلسل سے قید خانوں، پولیس اسٹیشنوں اور دہشت گردی کی روک تھام کے ایک ادارے کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک فوجی چھاؤنی اور بغداد کے محفوظ ترین علاقے گرین زون کے داخلی دروازے پر بھی حملے کیے گئے ہیں۔
ai / aa ( AFP )