شہزادہ ہیری اور میگھن میرکل کی عشق کہانی
شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن میرکل آج شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ ان کے عشق کی کہانی سبھی جاننا چاہتے ہیں۔
ایک مسکراتا جوڑا
شہزادہ ہیری اور مریکل کی ایک تصویر پہلی بار ستمبر 2017 میں سامنے آئی تھی، جس میں دونوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ رکھا تھا۔ یہ واقعہ ٹورونٹو میں ویل چیئر ٹینس مقابلے میں شرکت کا تھا۔ ہیری ہی نے زخمی فوجیوں کے لیے ان کھیلوں کا آغاز کیا تھا۔
نوجوان ہیری
شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کے سب سے چھوٹے بیٹے پرنس ہینری آف ویلز، جو پرنس ہیری کے نام سے معروف ہیں، سن 1984 میں پیدا ہوئے۔ ان کا بچپن اپنے والدین کی علیحدگی اور پھر والدہ کی ناگہانی موت سے متاثر ہوا۔ یہ تصویر سن 1995 کی ہے، جس میں شہزادہ ہیری اپنی والدہ کے ساتھ ہیں اور ہیری کے بھائی پرنس ویلیم والدہ کے ساتھ موجود ہیں۔
شہزادی ڈیانا کے بعد
سن 1997 میں ایک کار حادثے میں شہزادی ڈیانا ہلاک ہو گئیں۔ اس وقت ہیری کی عمر فقط بارہ برس تھی جب کہ ان کے بھائی پرنس ویلیم پندرہ سال کے تھے۔ اس تصویر میں دونوں شہزادے اپنی والدہ کے تابوت کے ساتھ ہیں۔ اس واقعے نے شہزادہ ہیری کو بے حد متاثر کیا۔
زخم کے اندمال کا لمبا وقت
رواں سال کے آغاز پر پرنس ہیری نے اعتراف کیا کہ اسے اپنی پوری زندگی اس ذہنی صدمے سے کتنا لڑنا پڑا۔ ڈیلی ٹیلی گراف سے اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کئی مواقع پر وہ اس مقام پر تھے، جہاں ذہن مکمل طور پر مفلوج ہو جاتا ہے۔
پلے بوائے شہزادہ بڑا ہو گیا
شہزادہ ہیری میں اپنی والدہ کی طرح لوگوں سے ملنے ملانے اور ان سے جڑ جانے کی خاصیت ہے۔ وہ کئی بار مختلف حسین خواتین کے ساتھ دیکھے گئے اور انہیں ایک طویل عرصے تک ’پلے بوائے‘ تک پکارا جاتا رہا۔ نیوز ویک سے بات چیت میں ایک بار شہزادہ ہیری نے کہا تھا کہ وہ شاہی خاندان سے دور بھاگتے ہیں۔
فوج ایک پناہ گاہ
سن 2005ء میں ایک پارٹی میں متنازعہ نشان سواستیکا والی تصاویر نے شور مچا دیا اور اسی سال وہ فوج میں چلے گئے۔ وہ برطانوی فورسز کے لیے دس سال تک کام کرتے رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کی توجہ سے ہٹنے کے اعتبار سے فوج بہترین پناہ گاہ تھی۔
معروف شہزادہ
فوجی سروس کے دوران انہوں نے دو مرتبہ افغانستان میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ اس طرح پرنس ہیری اپنے ملک ہی میں نہیں دنیا بھر میں مشہور ہو گئے۔ وہ عوامی سطح پر مختلف موضوعات پر کھلے الفاظ میں بات کرتے رہے اور یہی ان کی مقبولیت کی وجہ بنا۔
میگھن میرکل
برطانوی لوگوں کو تو میگھن میرکل کا علم تک نہیں تھا، تاہم گزشتہ برس اکتوبر سے برطانوی اخبارات میں مسلسل وہ دکھائی دے رہی تھیں۔ میرکل سن 1981 میں امریکی شہر لاس اینجلس میں پیدا ہوئی اور ایک ٹی وی پروگرام میں وہ وکیل کے بہ طور دکھائی دیتی تھیں۔
میرکل کی پہلی شادی
میگھن میرکل کی پہلی شادی ایک فلم پروڈیوسر سے ہوئی، جو 2010 سے 2013 تک چلی۔ میرکل کا اپنا ایک لائف اسٹائل بلاگ بھی تھا، جو انہوں نے کچھ عرصہ قبل بند کیا۔ اس بلاگ میں وہ خود کو آزاد قرار دیا کرتی تھیں۔
ملکہ الزبیتھ کی آشیرباد
بیکنگھم پیلس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ برطانیہ شہزادہ ہیری اور میگھن میرکل کی خوشیوں کے لیے دعاگو ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ روایتی طور پر شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کی شادی کے لیے ملکہ کی اجازت ضروری ہے۔ تاہم ملکہ کی آشیرباد یہ بتا رہی ہے کہ برطانوی شاہی خاندان کی روایات بھی بدل رہی ہیں، کیوں کہ کسی طلاق یافتہ فرد سے شاہی فرد کی شادی کچھ عرصہ پہلے تو سوچی بھی نہیں جا سکتی تھی۔