سی بی آئی سربراہ کو ہٹانے پر اپوزیشن کے مودی کے خلاف مظاہرے
26 اکتوبر 2018کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے مطابق سی بی آئی کے سربراہ الوک ورما فرانس کے ساتھ سن 2016 میں کیے گئے چھتیس رفائل جیٹ طیاروں کے سودے کی بابت تفتیش کرنا چاہتے تھے۔
اپوزیشن جماعت کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ سی بی آئی کے دفتر تک احتجاجی مارچ کیا جس دوران انہیں پولیس کچھ دیر کے لیے دہلی کے ایک پولیس اسٹیشن بھی لے گئی۔
دہلی کے علاوہ چندی گڑھ، بنگلور اور ممبئی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔ جہاں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے تیز دھار پانی کا استعمال کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام ہے کہ ان طیاروں کی قیمت اصل سے زیادہ ادا کی گئی تھی اور خریداری کے عمل کو شفاف نہیں رکھا گیا تھا۔
حکومت نے بدھ 24 اکتوبر کو ملک کی اعلیٰ ترین تفتیشی ایجنسی سی بی آئی کے سربراہ لوک ورما اور اُن کے نائب راکیش آستھانہ کو معطل کر دیا تھا۔ ان دونوں نے ایک دوسرے پر رشوت لینے کے الزامات لگا رکھے ہیں۔
تاہم کانگریس کا موقف ہے کہ ورما کو اس لیے جانا پڑا کیونکہ وہ جیٹ طیارہ کیس کی انکوائری کرنا چاہتے تھے۔ حالیہ کچھ ماہ میں بھارت میں اپوزیشن جماعتوں نے یہ اعتراض اٹھایا ہے کہ عشروں سے اس کام کا تجربہ رکھنے والی سرکاری کمپنی کی جگہ معروف بھارتی بزنس مین انیل امبانی کی کمپنی ’ریلائنس ڈیفنس‘ کو یہ کانٹریکٹ کیوں دیا گیا۔
بیس ستمبر کو سابق فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ کے ایک بیان کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ جب وہ صدارتی دفتر میں تھے تب اس معاہدے کے وقت بھارتی حکومت نے داسُو فرم پر دباؤ ڈالا تھا کہ وہ یہ سودا امبانی کی ’ریلائنس ڈیفنس‘ کو دے۔
دفاعی معاہدوں کے بھارتی قوانین کے تحت کسی بھی غیر ملکی کمپنی کو طے پانے والی اپنی ڈیل کے کم سے کم تیس فیصد حصے کی سرمایہ کاری لازمی طور سے بھارت میں کرنی چاہیے۔
لیکن رفائل طیاروں کی خریداری کے لیے داسو نے بھارتی سرکاری کمپنی ’ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ‘ کے بجائے جو عشروں سے جنگی طیارے بنانے کا کام کر رہی ہے، ریلائنس کمپنی کا انتخاب کیا تھا۔
ص ح / ا ب ا/ نیوز ایجنسی