سی آئی اے کے ڈائریکٹر پیٹریاس مستعفی ہو گئے
10 نومبر 2012باراک اوباما نے ڈیوڈ پیٹریاس سے ملاقات کے بعد ان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ انہوں نے ’غیرمعمولی خدمات‘ کے لیے پیٹریاس کو سراہا۔
اوباما کا کہنا تھا: ’’کسی بھی معیار سے، وہ اپنے ہم عصر غیرمعمولی جرنیلوں میں سے ایک تھے، جنہوں نے نئے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ہماری فوج کی مدد کی اور وردی میں ملبوس ہمارے مردوں اور خواتین کی عراق اور افغانستان میں خدمات کے اہم دَور میں رہنمائی کی، جہاں انہوں نے ان جنگوں کو ذمہ دارانہ طریقے سے ختم کرنے کے لیے ہماری قوم کی مدد کی۔‘‘
پیٹریاس کے نائب مائیکل موریل نگران ڈائریکٹر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے سی آئی اے کی قیادت کے لیے موریل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
قبل ازیں جمعے کے روز ڈیوڈ پیٹریاس نے سی آئی اے کے عملے کے نام ایک پیغام میں کہا: ’’سینتیس برس کی شادی شدہ زندگی کے بعد، میں نے غیر ازدواجی جنسی تعلقات میں ملوث ہو کر انتہائی ناقص فیصلہ سازی کا مظاہرہ کیا۔ ایسا طرز عمل ناقابلِ قبول ہے، ایک شوہر کے طور پر بھی اور ایسے ادارے کے رہنما کے طور پر بھی۔‘‘
ساٹھ سالہ پیٹریاس نے گزشتہ برس ستمبر میں فور اسٹار فوجی جنرل کی حیثیت سے ریٹائرمنٹ کے بعد سی آئی اے کے ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالا تھا۔
انہیں اپنے ہم عصر عسکری رہنماؤں میں اہم ترین قرار دیا جاتا تھا۔ 2007ء میں سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کی جانب سے افغانستان میں مزید فوجی بھیجنے کے فیصلے کے بعد وہاں جنگ میں ناکامی کا منہ موڑنے کے لیے بھی پیٹریاس کے کردار کو سراہا جاتا ہے۔
2009ء میں افغانستان میں پھر سے امریکی فوجیوں کی تعداد بڑھانے کے بعد باراک اوباما نے بھی پیٹریاس کی قیادت پر ہی انحصار کیا تھا۔
نیشنل انٹیلیجنس کے ڈائریکٹر جیمز کلیپر نے پیٹریاس کے استعفے پر دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹریاس اپنے ساتھ کام کرنے والوں کے لیے متاثر کُن رہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی ہوم لینڈ سکیورٹی کمیٹی کے ری پبلکن چیئر مین پیٹر کنگ نے ڈیوڈ پیٹریاس کو امریکا کے غیر معمولی فوجی رہنماؤں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کی تعریف کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک سچے اور محب وطن امریکی ہیں۔
پیٹر کنگ کے بقول: ’’میرے لیے جنرل پیٹریاس کا مرتبہ بہت بلند ہے، مجھے ان کے استعفے پر افسوس ہے اور میری نیک تمنائیں ان کے اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔‘‘
ng/mm (AFP)