1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی شاہ سلمان، روس جائیں گے

افسر اعوان خبر رساں ادارے
3 اکتوبر 2017

سعودی عرب کے شاہ سلمان جمعرات کے روز سے اپنا روس کا دورہ شروع کریں گے۔ خیال رہے کہ روس اور سعودی عرب شام کے تنازعے میں دو مخالف فریقین کی حمایت کرتے آ رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2l9pB
Kronprinz Mohammed bin Salman
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Saudi Press Agency

سعودی شاہ سلمان کے دورہ روس کے بارے میں اطلاع سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی نے دی ہے۔ پریس ایجنسی کے مطابق سعودی بادشاہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی دعوت پر روس کا یہ دورہ کر رہے ہیں۔ وہ اس دورے کے دوران پوٹن سے مذاکرات بھی کریں گے۔

سعودی سرکاری پریس ایجنسی SPA کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس دورے کے دوران سعودی شاہ سلمان اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن ’’باہمی تعلقات اور علاقائی کے علاوہ بین الاقوامی معاملات کے حوالے سےدلچسپی کے امور پر بات چیت کریں گے۔‘‘ 2015ء میں سعودی بادشاہ بننے والے شاہ سلمان کا روس کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے گزشتہ ماہ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ یہ دورہ دراصل خلیجی ممالک کے ان کے دورے کا حصہ تھا۔ اس دورے میں انہوں نے قطر اور سعودی عرب اور دیگر خلیجی عرب ممالک کے درمیان جاری تنازعے کے حل کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔

شام میں 2011ء کے آغاز میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد وہاں ملک بھر میں پھیل جانے والی خانہ جنگی کے تناظر میں ماسکو حکومت شروع سے ہی اپنے حلیف شامی صدر بشارالاسد کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ جبکہ ریاض حکومت شامی حکومت کے ان باغیوں کی حمایت میں مصروف ہے جو صدر بشارالاسد کی حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

Russland Präsident Wladimir Putin
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی بادشاہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی دعوت پر روس کا یہ دورہ کر رہے ہیںتصویر: picture-alliance/Sputnik/S. Guneev

سعودی عرب نے رواں برس اگست میں سامنے آنے والی اُن رپورٹوں کی تردید کی تھی جن میں کہا گیا تھا کہ ریاض حکومت شامی اپوزیشن کی ’’ہائی نیگوسی ایشن کمیٹی‘‘ کے لیے اپنی حمایت تبدیل کر رہا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی طرف سے اس وقت کہا گیا تھا کہ سعودی عرب’’ شام کے ایک ایسے مستقبل کی حمایت کرتا ہے جس میں بشار الاسد کی کوئی جگہ نہیں ہے‘‘۔