1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابق جرمن چانسلر ہیلموٹ شمٹ انتقال کر گئے

امتیاز احمد10 نومبر 2015

وفاقی جمہوریہ جرمنی کے سابق چانسلر ہیلموٹ شمٹ 96 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ گزشتہ کئی روز سے بیمار تھے۔ اپنی موت تک ان کا شمار جرمنی کے ممتاز سیاستدانوں میں ہوتا تھا۔

https://p.dw.com/p/1H2Pn
Deutschland Altkanzler Helmut Schmidt auf Intensivstation
تصویر: picture alliance/dpa/W. Kumm

جرمنی کے پانچویں چانسلر کے طور پر ذمہ داریاں نبھانے والے ہیلموٹ شمٹ ہیمبرگ میں اپنے گھر پر انتقال کر گئے ہیں۔ گزشتہ کئی دنوں سے ان کے ذاتی معالج ان کا علاج جاری رکھے ہوئے تھے۔ جرمن سیاسی جماعت ایس پی ڈی کے اس سیاستدان کو ’بحرانوں کے حل‘ کرنے والے چانسلر کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔

فروری انیس سے باسٹھ میں جرمن شہر ہیمبرگ میں طوفان اور سیلاب آیا تھا۔ اس وقت بیالیس سالہ ہیلموٹ شمٹ وہاں کے وزیر داخلہ تھے اور یہ ان کا پہلا امتحان تھا۔ اس وقت اس سابق وزیر داخلہ نے دفتری رکاوٹوں کو درمیان میں لائے بغیر امدادی کاموں کے لیے فوج کو طلب کر لیا۔ اس واقعے کے بعد وہ نہ صرف جرمنی میں مشہور ہوئے بلکہ دنیا نے بھی ان کی تعریف کی۔

Deutschland Helmut Schmidt Alt-Bundeskanzler
سن دو ہزار پانچ کے ایک سروے کے مطابق پیلموٹ شمٹ کو جرمنوں کا محبوب ترین سیاستدان قرار دیا گیاتصویر: Getty Images/P. Lux

وفاقی حکومت میں ہیلموٹ شمٹ نے اپنی پہلی ذمہ داری بطور وزیر دفاع بائیس اکتوبر 1969ء کو سنبھالی۔ جلد ہی انہوں نے لازمی فوجی سروس کا دورانیہ اٹھارہ ماہ سے کم کرتے ہوئے پندرہ ماہ کر دیا۔

1972ء سے انہوں نے وزیر خزانہ کے طور پر کام کرنا شروع کر دیا۔ اس وقت انہوں نے ایس پی ڈی کے ہی چانسلر ولی برانڈ اور اس وقت کے وزیر خارجہ والٹر شِیل سے مل کر کام کیا۔ ہیلموٹ شمٹ طاقت کے مرکز تک پہنچ چکے تھے۔

سن 1974ء میں اس وقت کے چانسلر ولی برانڈ مستعفی ہو گئے اور ہیلموٹ شمٹ ان کے جانشین بنے۔ انہیں ’کاروباری دنیا‘ کا بھی ماہر سمجھا جاتا تھا لیکن اکثر و بیشتر ان کی اپنی ہی جماعت ایس پی ڈی نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

سیاست سے باہر اپنی زندگی میں انہوں نے سب سے زیادہ وقت اپنی اہلیہ ہانےلورے ’لوکی‘ شمٹ کے ساتھ گزارا۔ دونوں نے انیس سو بیالیس میں شادی کی اور ان کے دو بچے تھے۔ ان کا لڑکا پیدائش کے پہلے سال ہی انتقال کر گیا تھا۔ ہیلموٹ شمٹ سن دو ہزار دس تک اپنی اہلیہ لوکی کی وفات تک ان کے ساتھ رہے۔

ہیلموٹ شمٹ نے اپنے دور میں خاص طور پر فرانس کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنایا۔ انہوں نے فرانس کے ساتھ مل کر یورپی مالیاتی نظام ’’ای ڈبلیو ایس‘‘ کی بنیاد رکھی۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے اتحادی امریکا کے ساتھ روابط کو مضبوط تر بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

Deutschland Helmut Schmidt Alt-Bundeskanzler schwarz/weiß
جرمن سیاسی جماعت ایس پی ڈی کے اس سیاستدان کو ’بحرانوں کے حل‘ کرنے والے چانسلر کے نام سے بھی جانا جاتا تھاتصویر: Getty Images/Central Press

ستّر کی دہائی کے اواخر اور اسّی کے شروع میں تحفظ ماحول اور امن پسند تحریکوں کو بہت اہم سمجھا جاتا تھا۔ ہیلموٹ شمٹ اس وقت بھی ایٹمی بجلی گھروں کے حق میں تھے اور ایسی ہی ترجیحات کی بناء پر انہیں سخت تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا۔ سن انیس سو بیاسی میں حکومتی اتحاد ٹوٹنے کے ساتھ ہی چانسلر ہیلموٹ شمٹ کا دور اختتام پذیر ہوا۔ اب ہر ’’بحران کا حل ڈھونڈ نکالنے والے چانسلر‘‘ کے نام سے مشہور ہیلموٹ شمٹ صرف سابق چانسلر تھے۔

اپنی زندگی کے اختتام سے کچھ دیر پہلے تک وہ ملکی اور خارجہ پالیسیوں کی بحث میں شریک ہوتے رہے۔ سن دو ہزار پانچ کے ایک سروے کے مطابق انہیں جرمنوں کا محبوب ترین سیاستدان قرار دیا گیا۔ وہ اپنی وفات سے کچھ دیر پہلے تک اپنی سیاسی جماعت ایس پی ڈی کے لیے ایک مشیر کا کام کرتے رہے۔ جرمنی کے تمام بڑے سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں نے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔